Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکی صدر کے نمائندہ خصوصی برائے موسمیات جان کیری کی عمران خان سے ملاقات

امریکی صدر کے نمائندہ خصوصی برائے موسمیات جان کیری نے پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان سے ریاض میں ’مڈل ایسٹ گرین انیشی ایٹیو‘اجلاس کے موقع پر ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران عمران خان نے حکومت کی جانب سے ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کو اجاگر کرتے ہوئے بقا کو درپیش خطرے کے خلاف قومی اور بین الاقوامی سطح پر اقدامات کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
عمران خان نے امریکی نمائندہ خصوصی کے ساتھ پاکستان اور دیگر ترقی پذیر ممالک کو ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے درپیش چیلنجز پر اپنا نقطہ نظریہ شیئر کیا۔ انہوں نے پاکستان میں اس زمرے میں لیے جانے والے اقدامات کے بارے میں بتایا، جس میں 10 بلین ٹری سونامی پراجیکٹ بھی شامل ہے۔
عمران خان نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان ماحولیات تبدیلی پر ہونے والے اشتراک کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ’یو ایس پاکستان کلائمیٹ اینڈ انوائرمنٹ ورکنگ گروپ‘ کے افتتاحی اجلاس پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس اجلاس میں امریکہ اور پاکستان کے درمیان موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق دوطرفہ تعاون پر بات چیت ہوئی تھی۔
جان کیری نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور امریکہ کا دیرینہ تعلق ہے، جسے باہمی دلچسپی کے معاملات کی بنیاد پر آگے بڑھانا چاہیے۔
امریکی نمائندہ خصوصی نے ماحولیاتی تبدیلی کا مقابلہ کرنے کے لیے پاکستان کی جانب سے کیے گئے متعدد اقدامات کو تسلیم کیا۔
امریکہ کے لیے ماحولیاتی تبدیلی کے مسئلے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے جان کیری نے عمران خان کو ان اقدامات کے بارے میں بتایا جو ماحولیات کے لیے بائیڈن انتظامیہ کی جانب سے موسمیاتی تبدیلی پر اقوام متحدہ کی فریم ورک کنوینشن سے قبل لیے جارہے ہیں۔
عمران خان نے اس موقع پر کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی سے لڑنے کے لیے پاکستان اور امریکہ کو ایک دوسرے کے ساتھ خیالات، مہارت اور ٹیکنالوجی پر اشتراک کرنا چاہیے۔

شیئر: