کمیونسٹ پارٹی کی 100 ویں سالگرہ، عمران خان کی چینی صدر کو مبارکباد
منگل 26 اکتوبر 2021 15:11
آج کل چین میں کمیونسٹ پارٹی کی صد سالہ تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔ کمیونسٹ پارٹی ماؤ کی قیادت میں 1949 میں اقتدار میں آئی تھی (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے چین کے صدر شی جن پنگ کو ٹیلی فون کر کے کمیونسٹ پارٹی کے 100 سال مکمل ہونے پر مبارک باد دی ہے۔
پاکستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق منگل کو ہونے والی اس ٹیلی فونک گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے سفارتی تعلقات کے 70 سال مکمل ہونے پر بھی ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔
اس موقع پر علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے چین کے اقدامات اور ترقی پذیر ممالک کے لیے چین کی امداد اور پاکستان کو کورونا وائرس کی ویکسین فراہم کرنے میں تعاون کو سراہا۔
پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سی پیک کے منصوبوں کی کامیابی، بروقت اور اعلیٰ معیار کے مطابق عملدرآمد کو سراہا اور سی پیک خصوصی اقتصادی زونز میں چینی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ایم ایل ون ریلوے منصوبے کے فوری آغاز سے پاکستان کے قومی اور علاقائی ترقی کے جیو اکنامکس وژن کے لیے اہم پیش رفت ہو گی۔
آج کل چین میں کمیونسٹ پارٹی کی صد سالہ تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔ کمیونسٹ پارٹی ماؤ کی قیادت میں 1949 میں اقتدار میں آئی تھی۔