چین: کمیونسٹ پارٹی کی صد سالہ تقریب، ’کسی کو بالادستی کی اجازت نہیں دیں گے‘
چین: کمیونسٹ پارٹی کی صد سالہ تقریب، ’کسی کو بالادستی کی اجازت نہیں دیں گے‘
جمعرات 1 جولائی 2021 6:44
چین کی کمیونسٹ پارٹی ماؤ کی قیادت میں 1949 میں اقتدار میں آئی تھی۔ (فوٹو: روئٹرز)
چین کی کمیونسٹ پارٹی کی صد سالہ تقریب کے موقعے پر صدر شی جن پنگ نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ ’چین کبھی بھی بیرونی قوت کو ڈرانے دھمکانے، دبانے اور بالادستی کی اجازت نہیں دے گا۔‘
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق چین کی حکمران پارٹی کمیونسٹ پارٹی کی صد سالہ تقریبات بیجنگ میں جاری ہے۔ اس تقریب میں ستر ہزار سے زیادہ پارٹی کے ارکان اور شہریوں نے شرکت کی۔
جمعرات کو تیاننمن سکوائر بیجنگ سے ٹیلی ویژن خطاب میں صدر شی جن پنگ نے کہا کہ اگر کوئی ایسا سوچتا ہے تو اس کو ایک ارب 40 کروڑ چینی عوام کا سامنا کرنا ہوگا۔
’اگر کسی نے ایسا کرنے کی کوشش کی تو ان کے سروں کو سٹیل کی عظیم دیوار سے مارا جائے جسے ایک ارب 40 کروڑ افراد نے بنایا ہے۔‘
چین نے ’اعتدال پسند معاشرے‘ کی تعمیر کا اپنا صد سالہ مقصد حاصل کر لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’چین کے لوگ نہ صرف پرانی دنیا کو ختم کرنے میں اچھے ہیں بلکہ انہوں نے ایک نئی دنیا بھی بنائی ہے۔ صرف سوشلزم ہی چین کو بچا سکتا ہے۔‘
چین کی کمیونسٹ پارٹی ماؤ کی قیادت میں 1949 میں اقتدار میں آئی تھی۔
چینی صدر نے کہا کہ چین اپنی خودمختاری، سلامتی اور ترقی کے تحفظ کے لیے فوج تشکیل دے گا اور اس کو عالمی معیار کے مطابق بنائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں مسلح افواج کو جدید تقاضوں کے مطابق بنانا چاہیے۔
کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے اور بحالی کے بعد صدر شی جن پنگ اور ان کی پارٹی پراعتماد ہیں اور عالمی سطح پر ایک مضبوط موقف بھی اختیار کیا ہے تاہم ہانگ کانگ اور سنکیانگ میں اقدامات کے حوالے سے چین کو بین الاقوامی سطح پر تنقید کا سامنا ہے۔
پیر کو چین کے صدر نے نیشنل سٹیڈیم میں ایک تقریب کی صدارت کی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ ریاستی میڈیا نے اس تقریب کو ’شاندار‘ قرار دیا۔
آخر میں شرکا نے ایک گانا گایا، ’ کمیونسٹ پارٹی کے بغیر، نیا چین نہیں ہوگا۔‘
صدر شی جن پنگ نے کہا کہ پارٹی میں تقسیم یا عوام کو پارٹی کے خلاف کرنے کی کوشش ناکام ہوگی۔
پارٹی کے 95 ملین سے زیادہ ممبران اور ایک ارب 40 کروڑ چینی عوام ایسے منظر نامے کی اجازت نہیں دیں گے۔