Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افواج پاکستان ہمارا سرمایہ افتخار اور عزت و وقار کی محافظ ہیں ، سردار عتیق

 
سیاستدان کشمیر کے حوالے سے عوام او رپاکستان فوج کی پالیسی کو اپنائیں ، رابط عالم اسلامی کی کانفرنس کے دور رس نتائج برآمد ہو نگے ، سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر کا خطاب 
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر اور مسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ رابطہ عالم اسلامی کے تحت منعقدہ کانفرنس کے دور رس نتائج برآمد ہونگے۔ کانفرنس میں شریک دنیا بھر سے آنے والے مسلم علماءاور زعماءنے بہترین تجاویزپیش کیں جس سے اسلام کا درست پیغام دنیا تک پہنچ سکے گا ۔ وہ اپنے اعزاز میں کشمیر کمیونٹی اوورسیز کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ سردار عتیق احمد نے مزید کہا کشمیر میں برہان وانی کی شہادت کے بعد تحریک نئے دور میں داخل ہو گئی ہے اب طلوع صبح آزادی دور نہیں ۔سردار عتیق نے مزید کہا افواج پاکستان ہمارا سرمایہ ہیں جو ہمارے وقار اور عزت کے محافظ ہیں ۔ پاکستان میں صرف ایک ہی ادارہ رہ گیا ہے جو حقیقی معنوں میں پاکستان کی خدمت کر رہا ہے جو مسلح افواج کا ہے ۔ ماضی میں بھی فوجی حکمرانو ںنے ہندوستان کو دو ٹوک جواب دیا مگر سیاستدان ہمیشہ مصلحتوں کا شکار رہے ۔ کشمیر کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ریاست کو ریاست ہی رہنے دیاجائے ۔ کشمیر کے حصے بخرے کر نے سے معاملات مزید خراب ہو جائیں گے ۔ کشمیریوں کو انکا حق ملنا چاہئے اگر دیگر اقوام کا مطالبہ پورا کیا جاسکتا ہے تو کشمیریوں نے کو نسا جرم کیا ہے کہ انہیں انکے جائز حق سے محروم رکھا جائے ۔ تنازع کشمیر کے حل کےلئے جب تک اہل کشمیر کو شامل نہیں کیا جائیگا اس وقت تک مسئلہ حل نہیں کیا جاسکتا ۔ مسئلہ کشمیر کا حل خطہ میں مستقل بنیادوں پر قیام امن کی نوید ہو گا ۔ ہمارے سیاستدانوں کو چاہئے کہ وہ پاکستانی عوام اور افواج کی پالیسی کو اپناتے ہوئے مسئلے کے حل کی جانب بڑھیں تاکہ معاملہ بہتر انداز میں حل ہو ۔ پاکستان کے عوام اور افواج قضیہ کشمیر کے حل کے لئے سنجید ہ ہیں مگرسیاستدانوں کا عمل مخلص نہیں ۔ پاکستانی سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے جس طرح پاکستان کا وقار دنیا بھر میں بلند کیا وہ تاریخ میں سنہری الفاظ میں لکھا جائیگا ۔ پاکستانی افواج کی پالیسی کی وجہ سے ہی آج سی پیک منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے جو پاکستان کے لئے معاشی انقلاب ثابت ہو گا ۔ تقریب میں بڑی تعداد میں کشمیری کمیونٹی نے شرکت کی ۔ واضح رہے سردار عتیق احمد خان مکہ مکرمہ میں رابطہ عالم اسلامی کی سہ روزہ کانفرنس میں شرکت کےلئے مملکت آئے ہیں ۔ 
 
 
 

شیئر: