Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حکومت یرغمال نہیں بنے گی، مارچ کو ہر صورت روکا جائے گا: شیخ رشید

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کالعدم  تحریک لبیک کے ’پرتشدد‘ مظاہرین کو خبردار کیا ہے کہ  بہت ہوگیا اب حکومت یرغمال نہیں بنے گی اور ریاست کی رٹ کو ہر صورت قائم کیا جائے گا۔
جمعرات کی شب وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ حکومت نے تمام مطالبات تسلیم کرلیے تھے، احتجاج کا کوئی جواز نہیں، مارچ کو ہر صورت روکا جائے گا۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ اگر مظاہرین واپس مرکز چلے جائیں تو حکومت ان سے بات چیت کے لیے تیار ہے لیکن جی ٹی روڈ بند کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی  یہ دفاعی لحاظ سے اہم شاہراہ ہے اسے بند نہیں کیا جاسکتا۔
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ جمعہ اور ہفتہ کو دوبارہ سعد رضوی سے بات ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان پاکستان کی ریاست مدینہ کی طرز پر تعمیر کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، نبی کی ناموس کی حفاظت اور اسلامو فوبیا کے معاملے کو انہوں نے عالمی فورمز پر اٹھایا اور پوری دنیا میں عالم اسلام کی آواز بنے۔
انہوں نے کہا کہ جب تمام مطالبات پہلے ہی تسلیم کیے جاچکے تو احتجاج اور پرتشدد مظاہروں کا کوئی جواز نہیں۔ ’فرانس کا سفیر پاکستان چھوڑ کر جا چکا ہے، ان ہنگاموں کے دوران پولیس کے جوان شہید ہوئے، اس کا حساب کون دے گا؟ مظاہرین نے پولیس پر کلاشنکوفوں سے سیدھی گولیاں چلائیں۔‘
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے مزید کہا کہ پاکستان کو نقصان پہنچا کر اسلام کی کون سی  خدمت کی جارہی ہے، جو حالات پیدا کیے گئے ہیں اس سے لبیک اور حکومت دونوں کا نقصان ہو گا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کے خلاف عالمی پابندیاں لگانے کی سازش ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پولیس کو وہ اختیارات نہیں دیے جو وہ ہم سے مانگ رہے ہیں، بات آگے بڑھی تو جو سڑکوں پر ہیں انہی کا نقصان  زیادہ ہو گا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ تحریک لبیک سیاسی رول ادا کرے، الیکشن کمیشن نے اس پر پابندی نہیں لگائی، وہ اپنا سیاسی کردار ادا کریں، انہوں نے کہا کہ حکومت جھکے گی نہ یرغمال بنے گی، ریاست کی رٹ  قائم کی جائیگی اور مظاہرین کو ہر صورت روکا جائے گا۔
قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے واضح کیا تھا کہ جب تک کالعدم جماعت کے لوگ سڑکیں خالی نہیں کرتے اور پولیس اہلکاروں کو شہید کرنے والوں کو اداروں کے حوالے نہیں کیا جاتا تب تک ان سے کوئی مذاکرات نہیں ہو سکتے۔
جمعرات کو ٹویٹ کرتے ہوئے انہوں نے عوام سے اپیل بھی کی تھی کہ ’محب وطن لوگ اس احتجاج سے خود کو لاتعلق کریں، اپنے گھروں کو لوٹ جائیں اور ریاست کے خلاف دہشت گردی کا حصہ نہ بنیں۔‘

 

شیئر: