ضمانت کا فیصلہ سن کر شاہ رخ خان جذبات پر قابو نہ رکھ سکے
ضمانت کا فیصلہ سن کر شاہ رخ خان جذبات پر قابو نہ رکھ سکے
جمعہ 29 اکتوبر 2021 7:32
عدالتی فیصلے کے بعد شاہ رخ خان ایک تصویر میں قانونی ٹیم اور منیجر پوجا دادلانی کے ساتھ نظر آئے (فوٹو: انڈیا ٹو ڈے)
بالی وڈ سپر سٹار آریان خان کو منشیات کیس میں ضمانت مل چکی ہے تاہم یہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ سنیچر تک جیل میں ہی رہیں گے۔
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق ممبئی ہائی کورٹ آریان خان کی ضمانت کے حوالے سے تفصیلی فیصلہ آج جاری کرے گی جس کے بعد آریان خان کی قانونی ٹیم ان کی رہائی کے لیے رجوع کرے گی۔
انڈین اخبار انڈین ٹو ڈے کے مطابق آریان خان کے وکیل موکول روہتگی کا کہنا ہے کہ جمعرات کو ممبئی ہائی کورٹ نے آریان خان کی ضمانت کا فیصلہ سنایا تو شاہ رخ خان پُرسکون دکھائی دیے اور ان کی آنکھیں بھر آئیں۔
جیسے ہی عدالت کا فیصلہ آیا بالی وڈ کنگ ایک تصویر میں قانونی ٹیم اور منیجر پوجا دادلانی کے ساتھ نظر آئے۔
بالی وڈ کے کئی سلیبریٹیز اور شاہ رخ خان کے دوستوں نے انہیں مبارکباد دی۔ ان بالی وڈ ستاروں میں اکشے کمار، سلمان خان اور سنیل شیٹی بھی شامل تھے۔
کنگ خان کے ایک فیملی فریند نے انڈیا ٹو ڈے کو بتایا کہ ’شاہ رخ خان کو سلمان خان، اکشے کمار، سنیل شیٹی سب نے کالز کیں۔‘
23 سالہ آریان خان کے وکلا بارہا عدالت میں تردید کر چکے ہیں کہ ان کے پاس سے کسی قسم کی منشیات برآمد نہیں ہوئی۔
تاہم نارکوٹکس کنٹرول بیورو کا کہنا تھا کہ وہ اس ’سازش‘ کا حصہ ہیں اور ان کی واٹس ایپ چیٹ سے ان کی منشیات کے لین دین میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے بالی وڈ اداکارہ اننیا پانڈے سے بھی آریا خان کے خلاف منشیات کیس میں پوچھ گچھ کی تھی جس میں انہوں نے مبینہ طور پر منشیات کی فراہمی یا استعمال کے الزامات کی تردید کی تھی۔
آریان خان کی درخواست ضمانت دو مرتبہ مسترد ہو چکی ہے۔
آریان خان کو 2 اکتوبر کو ممبئی کے ساحل پر ایک کروز شپ پر ہونے والی پارٹی کے دوران پڑنے والے چھاپے میں حراست میں لیا گیا تھا۔