’میچ میں پاکستان اور افغانستان کے پرچم کو ایک ساتھ لہرائیں‘
جہاں دونوں ٹیموں کو ایک ساتھ سپورٹ کیا جا رہا ہے وہیں ان کی صلاحیت کے حوالے سے بھی بات ہو رہی ہے۔ (فوٹو: ٹویٹر)
عام طور پر کسی بھی کھیل میں مختلف ممالک کی ٹیموں کے درمیان ہونے والے میچ میں شائقین اپنی اپنی ٹیم کو سپورٹ کرتے ہیں۔ لیکن ایسا پہلی بار دیکھنے میں آ رہا ہے کہ شائقین دونوں ٹیموں کو سپورٹ کریں اور دونوں میں سے کوئی بھی جیتے وہ خوش ہوں اور اس کا اظہار بھی کریں۔
جمعے کی شام سات بجے پاکستان اور افغانستان کے درمیان میچ دبئی میں کھیلا جائے گا۔
شائقین کرکٹ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔ شائقین کرکٹ کی ایک بڑی تعداد سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر اپنے خیالات کا اظہار کر رہی ہے۔
اگرچہ کچھ شائقین کرکٹ صرف پاکستان کرکٹ ٹیم کو سپورٹ کر رہے ہیں لیکن زیادہ تر سوشل میڈیا صارفین دونوں ٹیموں کی کے حق میں بات کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
پاکستان بمقابلہ افغانستان کرکٹ میچ کے حوالے سے ٹوئٹر صارف مومنہ نقوی لکھتی ہیں کہ ’پاکستان اور افغانستان دونوں مسلم ممالک ہیں، اور دونوں کی جیت ہماری اپنی ہی جیت ہے۔‘
انہوں نے میچ کے حوالے سے مزید لکھا کہ’شارجہ دبٸی کرکٹ شائقین سے گزارش ہے کہ میچ میں پاکستان اور افغانستان کے پرچم کو ایک ساتھ لہرائیں تاکہ دنیا کو پتا چلے کے ہم دونوں ایک ہیں۔ دونوں میں سے کوئی بھی جیتے، جیت تو اپنی ہی ہے۔‘
سوشل میڈیا صارف فرح قاضی لکھتی ہیں کہ ’ہمارا ایک خطہ ہے، ایک مذہب ہے، ہم مختلف قوم ہیں مگر پھر بھی متحد ہیں۔‘
جہاں دونوں ٹیموں کو ایک ساتھ سپورٹ کیا جا رہا ہے وہیں دونوں ٹیموں کے حوالے سے یہ بات بھی ہو رہی ہے کہ کون سی ٹیم کتنی صلاحیت رکھتی ہے۔
افغان صحافی پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہونے والے میچ پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ ’افغانستان اور پاکستان کرکٹ ٹیموں کے درمیان میچ، خصوصاً خطے کے بدلتے سیاسی حالات کی وجہ سے ایک سنسنی خیز ٹاکرا سمجھا جاتا ہے۔‘
اس حوالے سے ان کا مزید کہنا ہے کہ ’اگرچہ پاکستانی ٹیم مضبوط فریق ہے لیکن دوسری طرف کرکٹ ماہرین کے مطابق افغان کرکٹ ٹیم بھی کسی بھی مضبوط سے مضبوط ٹیم کو ہرانے کی قوت رکھتی ہے۔‘
پاکستان بمقابلہ افغانستان ٹرینڈ میں کچھ صارفین کے نفرت انگیز ٹویٹ بھی دکھائی دیے جس کے بعد نفرت انگیز ٹویٹس کے جواب میں صارفین کی جانب سے افغانستان کے حق میں پیغامات سامنے آئے۔
ٹوئٹر صارف اسماعیل خان چمکنی افغانستان کے خلاف ٹویٹ کرنے والوں سے کہتے ہیں کہ ’انڈین پاکستان اور افغانستان میچ کے حوالے سے دو مسلمان ممالک میں نفرت پھیلا رہے ہیں۔ میں بطور پاکستانی افغانستان ٹیم کو سپورٹ کرتا ہوں۔ ہار جیت کھیل کا حصہ ہوتے ہیں لیکن یاد رکھو ہم پاکستانی اور افغان ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں۔‘