ہمیں افغانستان کی خطرناک ٹیم سے ہوشیار رہنا ہوگا: ثقلین مشتاق
ہمیں افغانستان کی خطرناک ٹیم سے ہوشیار رہنا ہوگا: ثقلین مشتاق
جمعرات 28 اکتوبر 2021 13:51
ثقلین مشتاق کا کہنا تھا کہ ہمیں افغانستان سے ہوشیار رہنا ہوگا (فوٹو اے ایف پی)
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے عبوری ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم کا چیمپیئنز جیسا مائنڈ سیٹ ہے یعنی وہ ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے کا سوچ رہے ہیں۔
پاکستان نے ٹورنامنٹ کے اوپننگ میچ میں اپنے روایتی حریف انڈیا کو 10 وکٹوں سے شکست دی، اس کے بعد دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ کو پانچ وکٹوں سے ہرایا اور سیمی فائنل کے لیے اپنی راہ ہموار کی۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ثقلین مشتاق کا کہنا تھا کہ ’ہم ورلڈ چیمپیئنز والے مائنڈ سیٹ کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔ دو میچوں میں حاصل ہونے والی جیت سے ہمیں اعتماد ملا ہے اور یہ مقصد حاصل کرنے کی یقین دہانی ملی ہے۔‘
ثقلین مشتاق نے مصباح الحق کی جگہ لی تھی جنہوں نے گذشتہ ماہ استعفیٰ دے دیا تھا۔ وہ ماضی میں بنگلہ دیش، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے لیے سپن بولنگ کوچ کنسلٹنٹ کے طور پر کام کرتے رہے ہیں۔
ثقلین مشتاق کا کہنا تھا کہ ’ہمیں افغانستان کی خطرناک ٹیم سے ہوشیار رہنا ہوگا۔‘
’ہم جانتے ہیں افغانستان بہت اچھی ٹیم ہے، لیکن ہمارا منصوبہ بہت اچھا ہے اور ہم اس منصوبے پر اسی طرح عملدرآمد کریں گے جس طرح پہلے میچوں میں کیا۔‘
افغانستان نے سکاٹ لینڈ کو 130 رنز سے شکست دی تھی اور مجیب الرحمان نے 20 رنز دے کر پانچ وکٹیں، جبکہ راشد خان نے نو رنز دے کر چار وکٹیں لی تھیں۔
ثقلیم مشتاق نے افغانستان کے سپنرز کو ’ورلڈ کلاس‘ قرار دیا۔ ’راشد اور مجیب کوالٹی سپنرز ہیں، لیکن ہم نے اس کا انتظام کر لیا ہے۔‘
انہوں نے اپنی ٹیم کے اتفاق کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اسی وجہ سے انہیں اچھے نتائج دیکھنے کو ملے۔
’ہمارا نعرہ ہے کہ ہم مل کر سب کچھ حاصل سکتے ہیں۔ یہ ایسا نہیں کہ میں یہ کیا یا وہ کیا۔ ہم کہتے ہیں کہ ہم سب نے یہ حاصل کیا اور ہمیں اسی سے فائدہ ہوا۔‘
ثقلیم مشتاق کا کہنا ہے کہ انہیں امید ہے ان کا فائنل انڈیا کے ساتھ ہوگا (فوٹو اے ایف پی)
ثقلین مشتاق کا کہنا تھا کہ پاکستان نے حالیہ برسوں میں زیادہ تر کرکٹ متحدہ عرب امارات میں کھیلی ہے۔
’ہمارے لیے یو اے ای کی کنڈیشنز نئی نہیں ہیں۔ ہم یہاں انٹرنیشنل میچز اور پی ایس ایل کھیلتے رہے ہیں۔‘
پاکستان کل افغانستان کے ساتھ، دو نومبر کو نمیبیا اور اس کے پانچ روز بعد سکاٹ لینڈ کے ساتھ میچز کھیلے گا۔
ثقلیم مشتاق کا کہنا ہے کہ انہیں امید ہے ان کا فائنل انڈیا کے ساتھ ہوگا۔ اگر انڈیا فائنل تک پہنچتا ہے تو یہ آئی سی سی، مداحوں اور کرکٹ کے لیے بہت اچھا ہوگا۔‘
’اس سے دونوں ممالک قریب آئیں گے۔ میرے خیال میں یہ پیار کی جیت اور نفرت کی شکست ہونی چاہیے۔‘