نریندر مودی کے طیارے کا ’خصوصی اجازت‘ کے بعد پاکستان کی فضائی حدود کا استعمال
نریندر مودی کے طیارے کا ’خصوصی اجازت‘ کے بعد پاکستان کی فضائی حدود کا استعمال
ہفتہ 30 اکتوبر 2021 14:25
زبیر علی خان -اردو نیوز، اسلام آباد
انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی کے طیارے نے دہلی سے روم جانے کے لیے پاکستان کی فضائی حدود استعمال کیں جس کے لیے پاکستانی حکام سے خصوصی اجازت حاصل کی گئی۔
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان نے اردو نیوز کو تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ’انڈین وزیراعظم نریندر مودی کا طیارہ خصوصی اجازت نامے کے بعد پاکستان کی فضائی حدود سے گزرا۔‘
انڈین وزیراعظم جی 20 سمٹ میں شرکت کرنے کے لیے جمعے کو اٹلی کے شہر روم پہنچے جبکہ سنیچر کو ویٹیکن سٹی میں انہوں نے کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پاپ فرانسوا سے ملاقات کی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل انڈیا کی کمرشل پروازیں بھی خصوصی اجازت نامہ حاصل کرنے کے بعد شارجہ پہنچی ہیں۔
نریندر مودی اور انڈیا کے صدر کی جانب سے اس سے قبل بھی پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کی درخواست کی گئی تھی جسے پاکستان نے مسترد کر دیا تھا۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان نے واضح کیا کہ ’انڈیا کے طیاروں پر پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کی پابندی برقرار ہے تاہم فضائی حدود استعمال کرنے کے لیے ’ایک مرتبہ کی اجازت‘ حاصل کرنے کے لیے خصوصی درخواست کی جاتی ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’انڈین طیاروں کو پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں تاہم طیارے گزرنے کی ایک مرتبہ اجازت دینے کی درخواست کے تحت وزیراعظم مودی کے طیارے کو بھی خصوصی اجازت دی گئی ہے۔‘
ترجمان کے مطابق ’انڈین طیاروں کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت طلب کی جاتی ہے اور اس کی اجازت دینے یا نہ دینے کا فیصلہ حکومت کی صوابدید ہے۔‘
واضح رہے کہ انڈیا کی جانب سے پانچ اگست 2019 میں کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کی آئینی ترمیم کے بعد پاکستان اور انڈیا کے درمیان حالات کشیدہ ہیں۔ جس کے بعد پاکستان نے انڈیا کے ساتھ تجارتی تعلقات کا خاتمہ کرتے ہوئے فضائی حدود استعمال کرنے پر بھی پابندی عائد کر دی تھی۔