طالبان حکومت کا امریکہ سے ’فضائی حدود کا احترام کرنے‘ کا مطالبہ
طالبان حکومت کا امریکہ سے ’فضائی حدود کا احترام کرنے‘ کا مطالبہ
بدھ 29 ستمبر 2021 7:59
طالبان عہدیداروں کے مطابق اماراتِ السامی افغانستان کی زمین اور فضائی حدود کا سرپرست ہے۔ فائل فوٹو: روئٹرز
افغانستان میں طالبان حکومت کے عہدیداروں نے امریکہ کے افغانستان کی فضائی حدود میں ڈرون بھیجنے پر برہمی کا اظہار کیا ہے جبکہ ملک میں خواتین اساتذہ اور طبی کارکنان نے امریکہ اور اس کے اتحادیوں سے مطالبہ کیا ہے کہ افغانستان کے منجمد کیے گئے اربوں ڈالر امارات اسلامی افغانستان کو جاری کیے جائیں۔
بختر نیوز ایجنسی کے مطابق افغانستان میں طالبان حکومت کے عہدیداروں نے کہا ہے کہ بین الاقوامی قوانین کے تحت ہر ملک اپنی زمینی اور فضائی حدود کا مالک ہوتا ہے لہذا اماراتِ اسلامی افغانستان کی زمین اور فضائی حدود کا سرپرست ہے۔
تاہم انہوں نے کہا کہ امریکہ نے حال ہی میں تمام بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی اور افغانستان کی فضائی حدود میں ڈرون بھیجے۔ طالبان رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ایسی خلاف ورزیوں کو روک دینا چاہیے۔
امارات اسلامی افغانستان نے مطالبہ کیا ہے کہ تمام ممالک، خاص طور پر امریکہ، بین الاقوامی قوانین کے تحت کام کریں۔
دوسری جانب افغانستان کی خواتین اساتذہ اور طبی کارکنان نے امریکہ اور اس کے اتحادیوں سے مطالبہ کیا ہے کہ افغانستان کے منجمد کیے گئے اربوں ڈالرز امارات اسلامی افغانستان کو جاری کر دیے جائیں۔
خاما پریس نیوز ایجنسی کے مطابق منگل کو کابل میں ایک پریس کانفرنس کے دوران اساتذہ اور طبی کارکنان نے بین الاقوامی بینکوں اور دیگر اداروں سے کہا ہے کہ انہیں ان کی تنخواہیں دلوانے میں مدد کریں۔
نیوز کانفرنس میں ان خواتین کا کہنا تھا کہ افغانستان کو بین الاقوامی بینکوں اور اداروں سے مالی امداد کی شدید ضرورت ہے تاکہ وہاں نوکریاں جاری رکھی جا سکیں۔
افغانستان میں شرح تعلیم کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ ایسے پروگراموں کی حمایت کریں جو ملک میں شرح تعلیم میں اضافہ کریں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ افغانستان میں لوگ سخت اقتصادی حالات سے دوچار ہیں اور انہیں اس سے باہر نکلنے کے لیے مدد کی ضرورت ہے۔