ریاض میں جعلی دستاویزات بنانے والے غیر ملکی پکڑے گئے
ہفتہ 30 اکتوبر 2021 19:42
گرفتار ملزمان کے قبضے سے 343 جعلی دستاویزات برآمد ہوئی ہیں(فوٹو اخبار 24)
سعودی عرب میں ریاض ریجن میں پولیس نے جعلی دستاویزات بنانے والے دو رکنی گروہ کو گرفتار کیا ہے۔
ملزمان کے قبضے سے دستاویزات تیار کرنے میں استعمال ہونے والا سامان بھی برآمد کیا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق ریجنل پولیس ترجمان میجر خالد الکریدیس نے بتایا کہ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ نامعلوم افراد جعلی دستاویزات بناتے اور انہیں مہنگے داموں فروخت کرتے ہیں۔
اطلاع ملنے پرپولیس نے کرائم کنٹرول یونٹ کو ملزمان کی تلاش کا ٹاسک دیا، یونٹ کی ٹیم جلد ہی جعل سازوں کا سراغ لگانے میں کامیاب ہو گئی۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان جن میں ایک بنگلہ دیشی اور دوسرا یمنی باشندہ ہے کے ٹھکانے پرچھاپہ مارا جہاں سے جعلی دستایزات تیار کرنے والے آلات، کمپیوٹرز، اسکینر اورپرنٹر کے علاوہ کارڈز کو مخصوص پلاسٹک کوٹنگ کرنے والا ہیٹرشامل تھے۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے 343 جعلی دستاویزات برآمد ہوئی ہیں جو انہوں نے تیار کی تھیں۔
ملزمان کے خلاف جعل سازی اور اقامہ وسرحدی قوانین کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔