ویزا کینسل کرانے اور فیس کی واپسی کے لیے شرائط کیا ہیں؟
اتوار 31 اکتوبر 2021 5:27
فیس کی واپسی اور ویزے کو کینسل کرانے کی درخواست دیتے وقت لازمی ہے کہ ویزہ ایکسپائر نہ ہوا ہو۔ (فوٹو ٹوئٹر)
سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے کہا ہے کہ جاری شدہ ویزے کو کینسل کرانے اور ادا کی گئی فیس کی واپسی کے لیے دوشرائط مقرر ہیں۔
فیس کی واپسی اور ویزے کو کینسل کرانے کی درخواست دیتے وقت یہ لازمی ہے کہ ویزا ایکسپائر نہ ہوا ہو، دوسرا اہم نکتہ یہ ہے کہ ویزا استعمال نہ کیا گیا ہو۔
عاجل نیوز نے وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود آبادی کے حوالے سے جاری بیان کے حوالے سے کہا ہے کہ مملکت میں ورک ویزے کے اجرا کی فیس مقرر ہے۔
ویزے کی فیس منظوری سے قبل یا بعد میں جمع کرائی جا سکتی ہے تاہم بہتر ہے کہ ویزے کے منظوری کے بعد فیس ادا کرائی جائے تاہم وہ ادارے یا افراد جو جاری ہونے والے ویزے کو منسوخ کرانے کے بعد اس مد میں ادا کی گئی فیس ری فنڈ کرانا چاہتے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ اس امر کی یقین دہانی کر لیں کہ ویزے کی مدت ختم نہ ہوئی ہو اور ویزا سٹیمپ نہ ہوا ہوـ
ویزے کی مدت ختم ہونے یا سفارت خانے سے کارکن کے پاسپورٹ پر ویزا سٹیمپ ہونے بعد اس کی فیس ری فنڈ نہیں کی جاسکتی۔
وزارت افرادی قوت کا مزید کہنا تھا کہ ویزے کی مدت ختم ہونے کے بعد اس میں اضافہ کرانا بھی ممکن نہیں ہوتا۔
ویزا جاری ہونے کے بعد ایک برس تک کے لیے کارآمد ہوتا ہے اس دوران اگر اسے استعمال نہ کیا جائے تو اسے کینسل کرایا جاسکتا ہے مدت ختم ہونے کے بعد یہ سہولت بھی ختم ہو جاتی ہے۔