غیر ملکی کارکنان کا معاہدہ ملازمت، نجی اداروں پر نئی پابندی
‘قوی‘ ای پلیٹ فارم کے ذریعے معادہدے کا اندراج کرایا جائے ( فوٹو ٹوئٹر)
سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے نجی اداروں پر غیرملکی ملازمین کی ملازمت کے معاہدوں کی توثیق ‘قوی‘ ای پلیٹ فارم کے ذریعے کرانے کی پابندی عائد کی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ڈیوٹی شروع کرنے کی تاریخ سے غیر ملکی ملازم کے معاہدہ ملازمت کی توثیق قانونا ضروری ہے۔
یہ پابندی آجر اور اجیر کے حقوق کے تحفظ اور ملازمت کا مثالی ماحول فراہم کرنے کی وجہ سے لگائی گئی ہے۔
اس کا ایک بڑا مقصد یہ بھی ہے کہ فریقین کے درمیان اختلافات کا دائرہ محدود رہے اور جھگڑا ہونے پر ملازمت کا معاہدہ بنیادی دستاویز کے طور پر استعمال کیا جائے۔
وزارت کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ اب سے تین ماہ بعد سعودی عرب کی لیبر کورٹس 2022 کے آغاز پر غیرملکی ملازمین کی ملازمت کے معاہدوں کی کاغذی کاپی قبول نہیں کریں گی۔
صرف ای رجسٹریشن والی کاپی ہی قابل قبول ہوگی۔ نئی پابندی یہ ہے کہ نجی ادارے ’قوی‘ ای پلیٹ فارم پر ملازمت کے معاہدوں کا اندراج کرائیں۔