ٹی 20 ورلڈکپ: نیوزی لینڈ نے انڈیا کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی
اتوار 31 اکتوبر 2021 15:52
انڈیا اور نیوزی لینڈ کے میچ کی فاتح ٹیم کے سیمی فائنل کھیلنے کے امکانات بڑھ جائیں گے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
ٹی 20 ورلڈکپ کے گروپ ٹو کے میچ میں جیت کے لیے 111 رنز کا ہدف نیوزی لینڈ نے دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے انڈیا کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی۔
پندرویں اوور میں مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ڈیرل مچل نے 49 رنز بنا کر حصہ ڈالا جبکہ کپتان کین ولیمسن نے آؤٹ ہوئے بغیر 33 رنز سکور کیے۔
اوپنر مارٹن گپٹل 20 رنز بنانے کے بعد بھمرا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
دبئی میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر انڈیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ انڈیا نے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 110 رنز سکور کیے۔
انڈیا کی جانب سے کے ایل راہُل اور اشان کشن نے اننگز کا آغاز کیا تھا۔
اوپنر اشان کو ٹرینٹ بولٹ نے کیچ آؤٹ کرایا جبکہ کے ایل راہُل 18 رنز بنانے کے بعد اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں ساؤدی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
آؤٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی روہت شرما رہے جن کو اش سودھی نے آؤٹ کیا۔ انہوں نے 14 رنز بنائے۔
کپتان وراٹ کوہلی چھکا لگانے کی کوشش میں سودھی کی ہی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے نو رنز سکور کیے۔ آؤٹ ہونے والے پانچویں انڈین بلے باز رشبھ پنت تھے۔ اس کے بعد ہردک پانڈیا 23 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
روندرا جدیجہ نے 19 گیندوں پر 26 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ نے چار اوورز میں 20 رنز دے کر تین جبکہ اش سودھی نے چار اوورز میں 17 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔
میچ سے قبل انڈیا کے کپتان وراٹ کوہلی نے بتایا کہ ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں۔ کمر درد میں مبتلا سوریا کی جگہ اشان کشن کو کھلایا گیا جبکہ بھونشور کمار کی جگہ شیردل ٹھاکر کھیلے۔
انڈیا اور نیوزی لینڈ دونوں کو پاکستان کی ٹیم ہرا چکی ہے۔
پاکستان گروپ ٹو میں تین میچ کھیل کر اور تینوں میں کامیابی حاصل کر کے پہلے نمبر پر ہے۔
گروپ ٹو میں افغانستان، نمیبیا اور سکاٹ لینڈ کی ٹیمیں بھی شامل ہیں۔