Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’بارہ برس سے کم عمر بچوں کو مسجد الحرام میں جانے کی اجازت نہیں‘

مسجد الحرام میں داخلے کے لیے اجازت نامہ ضروری ہے( فوٹو ٹوئٹر)
سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ ’بارہ برس سے کم عمر کے بچوں کو مسجد الحرام میں جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی‘۔
بیان میں کہا گیا کہ’ یہ عمرہ اور نماز کے اجازت ناموں کی شرائط پر پورے نہیں اترتے۔ اعتمرنا اور توکلنا ایپ کے ذریعے ان کے نام سے عمرے یا نماز کا اجازت نامہ جاری نہیں ہوگا‘۔
عکاظ اخبار کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے کہا کہ’ بارہ برس اور اس سے زیادہ عمر کےافراد کو عمرہ کے اجازت نامے اس شرط کے ساتھ جاری ہوں گے کہ وہ کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لے چکے ہوں  یا ویکسین کی شرط سے مستثنی ہوں‘۔
بیان کے مطابق’ توکلنا ایپ میں صحت ریکارڈ ویکسین کی دونوں خوراکیں لینے کی صورت میں پہلی فرصت میں آجاتا ہے جبکہ ویکسین سے مستثنی افراد کا ریکارڈ بھی توکلنا ایپ میں موجود ہوتا ہے‘۔ 
وزارت نے کہا کہ’ جو بچے عیسوی کیلنڈر کے حساب سے بارہ سال  کی عمر مکمل کرچکے ہوں گے انہیں عمرہ یا نماز کا اجازت نامہ جاری ہوگا۔ ہجری کیلنڈر کا اس حوالے سے اعتبار نہیں ہوگا‘۔ 
وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ ’موثر اجازت نامے کے بغیر کسی بھی شخص کو عمرے یا نماز کے لیے مسجد الحرام میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی‘۔
اس کے برخلاف جو افواہیں گردش کررہی ہیں ان کا کوئی اعتبار نہیں- مسجد الحرام میں داخلے کے لیے اجازت نامہ ضروری ہے-
سوشل میڈیا پر یہ افواہ تھی کہ مسجد الحرام  میں داخلے کے لیے اجازت نامے کی شرط  ختم کردی گئی ہے اب شرط صرف  ویکسین یافتہ ہونا ہے۔ 
ایک سوال یہ کیا جارہا ہے کہ کیا مسجد الحرام کے بیرونی صحنوں میں بچوں کو چھوڑا جاسکتا ہے۔
وزارت حج و عمرہ نے اس کا جواب یہ کہہ کر دیا ہے کہ اس حوالے سے حرمین شریفین انتظامیہ سے 1966 پر رابطہ کرلیا جائے۔
 

شیئر: