ریاض میں بینک کی کیش وین پر حملہ، رہزن رقم لوٹ کر فرار، دیکھئے ویڈیو
واردات کے وقت علاقہ راہگیروں سے بھرا ہوا تھا، فائرنگ کی آواز سن کر خوف وہراس پھیل گیا،لوگوں نے جان بچانے کیلئے ادھر اُدھرچھپنا شروع کردیا،واردات میں ملوث افراد کی تلاش جاری
ریاض : ریاض کے الرائد محلے میں ایک بینک کے قریب اتوار کو رہزن بینک کی کیش وین پر حملہ کرکے بھاری رقم چھین کر فرار ہوگئے۔حملہ آوروں نے گاڑی کو ٹکر مار کر اس کے ڈرائیور اور معاون کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا۔ پورے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا، بھگدڑ مچ گئی۔ پولیس نے ریکارڈ وقت میں مفرور رہزنوں کو گرفتار کرلیا تاہم کئی ابھی تک مفرور ہیں۔ایک عینی شاہد علی القحطانی نے سبق کو بتایا کہ رہزنی کا واقعہ دوپہر 12بجکر 50منٹ پر پیش آیا۔ صرف 5منٹ تک سلسلہ جاری رہا۔ القحطانی کاکہناہے کہ رہزنی کے واقعہ کے وقت وہ بینک کے گیٹ پر کھڑا تھا۔ اچانک اس نے سیاہ رنگ کی ایک گاڑی کو کیش وین کو عقب سے ٹکر مارتے ہوئے دیکھا۔ جیسے ہی کیش وین رکی فوراً ہی ایک رہزن گاڑی سے اترا اور اس نے کیش وین میں موجود افراد پر فائرنگ شروع کردی۔ پھر اندھادھندفائرنگ کی۔ رہزنوں نے کیش وین میں موجود رقم اٹھائی اور فرار ہوگئے۔ جائے وقوعہ راہگیروں سے بھرا ہوا تھا۔ بینک آنے جانے والے وہاں کثیر تعداد میں موجود تھے۔ فائرنگ کی آواز سنتے ہی کھاتیداروں اور موقع پر موجود افراد نے چھپنا شروع کردیا۔ عینی شاہد نے کہا کہ اس نے ایک ستون کے پیچھے چھپ کر جان بچائی۔ پولیس نے اطلاع ملتے ہی مفرور رہزنوں کی تلاش شروع کردی۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس نے ریکارڈ وقت میں کئی وارداتوں کی گتھیاں سلجھا لیں او رواردات کرنے والوں کو گرفتار کرلیا۔ ریاض پولیس کے ترجمان کرنل فواز المیمان نے بتایا کہ تمام تفصیلات حاصل ہوجانے کے بعدبیان جاری کیا جائیگا۔ رہزنی میں ملوث افراد کی تلاش کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ الراجحی بینک نے اپنے ٹوئٹر اکائونٹ پر تحریر کیا کہ جو کچھ ہوا اس پر ہمیں افسوس ہے۔ کیش وین کا تعلق ہمارے بینک سے نہیں تھا او رنہ ہی ہمارا بینک اس واردات سے متاثر ہوا۔