حزب اللہ کا جنوبی لبنان میں 6 اسرائیلی ٹینک تباہ کرنے کا دعویٰ
حزب اللہ نے اسرائیل کا مرکاوا ٹینک بھی تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ فوٹو: اے پی
حزب اللہ نے لبنان کے جنوبی علاقوں میں اسرائیل کے چھ ٹینک تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے لبنانی سرکاری نیشنل نیوز ایجنسی (این این اے) کے حوالے سے کہا ہے کہ جنوبی لبنان کے متعدد حصوں میں شدید زمینی لڑائی جاری ہے جو دو ماہ قبل فائرنگ کے تبادلوں سے شروع ہوئی تھی اور اب مکمل جنگ میں تبدیل ہو گئی ہے۔
اتوار کو اسرائیل کے ساتھ سرحد سے 10 کلومیٹر کی دوری پر واقع ساحلی گاؤں البیاضہ میں حزب اللہ نے اسرائیلی فوج کے ٹینک تباہ کیے۔
حزب اللہ کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ گروپ نے البیاضہ کے مشرقی اطراف میں پانچ اسرائیلی ٹینک تباہ کیے ہیں۔
ایک اور بیان میں حزب اللہ نے کہا کہ دیر میماس کے علاقے میں اسرائیل کا مرکاوا ٹینک تباہ کیا ہے۔ اسی علاقے میں حزب اللہ نے اتوار کو اسرائیلی فوجیوں پر راکٹ فائر کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
حزب اللہ نے مزید کہا کہ مشرقی علاقے الخیام میں اسرائیلی فوجیوں پر چار راکٹ فائر کیے ہیں۔ الخیام میں گزشتہ چند ہفتوں سے شدید لڑائی جاری ہے۔
الخیام علامتی اہمیت کا حامل علاقہ بھی ہے جو 22 سال تک اسرائیل کے زیر قبضہ رہا اور جہاں جنوبی لبنان آرمی کے نام سے اسرائیلی ملیشیا انتہائی بدنام زمانہ جیل چلاتا رہا ہے۔
رواں سال 23 ستمبر کو اسرائیل نے لبنان پر شدید فضائی حملوں کی مہم کا آغاز کیا تھا جبکہ بعد میں سرحدی علاقوں میں زمینی فوجیں بھی بھجوا دی تھیں۔
غزہ میں شروع ہونے والی جنگ کے بعد سے حزب اللہ اور اسرائیلی فوجیوں کے درمیان ہونی والی جھڑپیں شدت اختیار کر گئی تھیں۔
گزشتہ سال اکتوبر سے شروع ہونے والے تنازع میں 3 ہزار 754 لبنانی ہلاک ہو چکے ہیں جن میں سے زیادہ تر ہلاکتیں ستمبر میں ہوئی ہیں۔
جبکہ اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس کے کم از کم 82 فوجی اور 47 شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔