ٹیکسیوں کا خودکار چالان سسٹم ، عمل درآمد آئندہ ماہ سے ہوگا
ٹیکسیوں کا خودکار چالان سسٹم ، عمل درآمد آئندہ ماہ سے ہوگا
جمعرات 4 نومبر 2021 18:23
خودکارچالان سسٹم میں گاڑی کا میک و ماڈل بھی دیکھاجائے گا (فوٹو، ٹوئٹر)
ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس کے تعاون سے ٹیکسیوں (لیموزین) کی خودکارنگرانی کے سسٹم کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ـ تجرباتی بنیادوں پر خود کارچالان سسٹم کے پہلے مرحلے کاآغاز 5 دسمبر 2021 کو کیا جائے گا ـ
سبق نیوز نے ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ مملکت کے مختلف ریجنز میں عوامی ٹرانسپورٹ کو منظم کرنے اوربہتر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کےلیے خودکارنگرانی سسٹم متعارف کرایا جارہا ہےـ
ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ خود کار نگرانی سسٹم کے پہلے مرحلہ میں لیموزین گاڑیوں کا چالان کیا جائے گا جو مطلوبہ معیار کے مطابق نہیں ہوں گی ـ
خودکارچالان کے پہلے مرحلے کا آغاز ٹیکسیوں سے کیاجائے گا(فوٹو، ٹوئٹر)
پہلے مرحلے کی کامیابی کے بعد اس سسٹم کو دیگر عوامی ٹراسپورٹ سروس کےلیے بھی جاری کیاجائے گا جن میں بسیں اور منی بسیں وغیرہ شامل ہیں ـ
واضح رہے ٹرانسپورٹ قوانین کے تحت ٹیکسی سروس کےلیے گاڑیوں کا معیار مقرر کیا گیا ہے جبکہ لیموزین کمپنیوں کو جاری کیے جانے والے لائسنس کی سالانہ بنیاد پر تجدید کی جاتی ہے ـ
خودکارچالان سسٹم کے تحت سڑک پر چلنے والی لیموزین کی نمبر پلیٹ کے ذریعے اس کا لائسنس گاڑی کی حالت اورروڈ پرمٹ کے علاوہ ڈرائیور کے پرمٹ کے بارے میں مکمل معلومات کنٹرول روم میں پہنچ جائیں گی جس کا جائزہ لینے کے بعد خلاف ورزی کے مرتکب ڈرائیوروں کا چالان کیا جائے گاـ
لیموزین کمپنیوں کے لائسنس کا مقصد سروس کو منظم کرنا اور بہتر خدمات مہیا کرنا ہے تاکہ مسافروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ـ
جدہ میں نئی لیموزین سروس پالیسی مرتب کی جاچکی ہے جس کا آغازایئرپورٹ ٹیکسی کے عنوان سے کیا گیا تھا ـ
نئی سروس کے تحت لیموزین میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کا رنگ سبز کیا گیا ہے تاکہ سروس کومنظم کیا جاسکے ـ اس حوالے سے ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے لیموزین کمپنیوں کو مہلت بھی دی ہے تاکہ وہ اپنی گاڑیوں کو نئی پالیسی کے تحت تبدیل کرلیں ـ