ایئرپورٹ کی ٹیکسیوں میں مسافروں کے لیے مفت انٹرنیٹ
ڈرائیور میٹر نہ چلائے تو سواری کرایہ دیے بغیر اتر سکتی ہے ( فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب میں پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ترجمان صالح الزوید نے کہا ہے کہ ’اتھارٹی نے ٹیکسیوں کے لیے نئی شرائط اور پابندیاں عائد کی ہیں۔‘
الاخباریہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے صالح الزوید نے کہا کہ ’سب سے اہم شرط ٹیکسی میں میٹر نصب کیا جانا ہے۔ کرائے کی ادائیگی ڈیجیٹل طریقے سے ہوگی۔‘
ٹیکسی میں الیکٹرانک سکرین نصب کرنا ہوگی جبکہ ایئرپورٹ ٹیکسیوں میں سواریوں کو مفت انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنا ہوگی۔
پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ترجمان نے مزید کہا کہ’ ٹیکسیوں کا کرایہ مقرر ہے۔ اس میں کوئی ردوبدل نہیں کیا جاسکتا۔ اگر ڈرائیور میٹر شروع نہ کرے تو ایسی صورت میں سواری کرایہ دیے بغیر اتر سکتی ہے۔‘
صالح الزوید نے بتایا کہ’ پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے ٹیکسیوں کے حوالے سے تین ہزار سے زیادہ خلاف ورزیاں ریکارڈ کی ہیں۔‘
ان میں خراب حالت میں ٹیکسیاں، بعض ٹیکسیوں کی غیر قانونی پوزیشن اور میٹر نہ لگانے جیسی غلطیاں نمایاں ہیں۔