سعودی نقوش انیشیٹو مملکت میں اپنی نوعیت کا پہلا پروگرام ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن فرحان نے سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں چٹانوں کے نقوش دریافت کرنے کے لیے سماجی انیشیٹو کا اعلان کردیا-
ایس پی اے کے مطابق سماجی انیشیٹیو کے تحت سماج کے تمام طبقے اس پروگرام میں حصہ لیں گے- محکمہ آثار قدیمہ اس کے انتظامات ونگرانی کرے گا - انیشٹیو کا مقصد مملکت میں موجود چٹانوں کے نقوش اور سنگ تراشی کے نمونوں کو اجاگر کرنا ہے-
سعودی نقوش انیشیٹو مملکت میں اپنی نوعیت کا پہلا پروگرام ہے- پہلی بار مملکت کے صحراؤں، وادیوں اور پہاڑوں میں موجود منفرد آرٹ کی دریافت اور انہیں ملکی اور بین الاقوامی رائے عامہ کے سامنے لانے کی مہم میں معاشرے کے تمام طبقوں کو شامل کیا جا رہا ہے-
اس سے سعودی عرب کا چٹان آرٹ ایک انمول قومی خزانے کے طور پر دریافت ہوگا اور دنیا کے سامنے آئے گا-
محکمہ آثار قدیمہ کی جانب سے انیشیٹو میں شرکت کرنے والے سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو متعدد ترغیبات بھی دی گئی ہیں-
ان ترغیبات کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ جو سعودی یا مقیم غیرملکی کسی چٹان پر نقوش یا سنگ تراشی کے کسی نمونے کو دریافت کرے گا اس کی دریافت اسی کے نام سے رجسٹرڈ ہوگی- انیشیٹو پلیٹ فارم پر اس کا تذکرہ ہو گا اور میڈیا میں اسی کے نام سے اسی کی دریافت کو منسوب کیا جائے گا-
یاد رہے کہ سعودی عرب میں چٹانوں پر ہزاروں نقوش اور سنگی آرٹ کے بے شمار نمونے پائے جاتے ہیں جو زیرہ عرب کی عظیم تاریخ کا پتہ دیتے ہیں۔
سعودی محکمہ آثار قدیمہ اب تک تین ہزار سے زیادہ نقوش کا اندراج کر چکا ہے-