Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کویت : معمر غیر ملکیوں کے ورک پرمٹ کی تجدید کے نئے قوانین

ورک پرمٹ کی تجدید کے لیے 5 سو دینار فیس مقرر کی گئی (فوٹو ، القبس )
کویت میں 60 برس یا زائد عمر کے غیر ملکیوں کے  ورک پرمٹ (اقامہ) کی تجدید کے لیے نئی شرائط کو منظور کرلیا گیا ـ ورک پرمٹ کی سالانہ فیس 5 سو دینارمقرر کی جائے گی ـ
پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ہنگامی اجلاس میں مقیم معمر غیر ملکیوں کے اقامے کے سابقہ نکات کو منسوخ کرتے ہوئے تجدید کے لیے سالانہ  فیس اور لازمی میڈیکل انشورنس کے قانون کی منظوری جاری کردی گئی ـ
کویتی جریدے ’الرائی‘ کے مطابق اتھارٹی کا اجلاس وزیر تجارت ڈاکٹر عبداللہ السلمان کی سربراہی میں منعقد کیا گیاـ اجلاس میں کویت میں مقیم ناخواندہ معمر افراد کے ورک پرمٹ  کی عدم تجدید کے فیصلے کو منسوخ کرتے ہوئے نئے نکات پر اتفاق کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ بالا زمرے میں آنے والے غیر ملکیوں کے ورک پرمٹ کی تجدید سالانہ فیس سے مشروط کی گئی ہے ـ

ورک پرمٹ کے قانون سے 65 ہزار کے قریب غیر ملکی مستفیض ہونگے(فوٹو، ٹوئٹر)

کویتی جریدے نے اپنے ذرائع کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ پیش کیے جانے والے نکات پر ہونے والی بحث میں ورک پرمٹ کی تجدید کے لیے سالانہ 500 کویتی دینار کی فیس عائد کیے جانے کی قرارداد کو پانچ ارکان نے متفقہ طورپر منظور کیا ـ فیس کے علاوہ لازمی میڈیکل انشورنس کے قانون کی بھی منظوری دی گئی ـ
اجلاس کے بعد جاری فیصلے میں کہا گیا کہ مذکورہ فیس اور لازمی طبی انشورنس پالیسی سے بعض زمرے مسثنی ہونگے جن میں کویتی خواتین کے بچے اور شوہر، فلسطینی شہری اور کویت میں پیدا ہونے والے غیر ملکی شامل ہیں ـ
اخبار کا کہنا ہے کہ توقع ہے کہ معمر غیر ملکیوں کے لیے  میڈیکل انشورنس کا سالانہ پریمیم 500 سے 600 دینار ہوسکتا ہے ـ
واضح رہے اس سے قبل کویتی اتھارٹی کی جانب سے 60 برس یا اس سے زائد عمر کے ایسے غیر ملکی جوناخواندہ ہیں کے ورک پرمٹ کی تجدید روک دی گئی تھی ـ
اس ضمن میں اخبار کا کہناہے کہ اس وقت کویت میں مذکورہ زمرے میں شامل تقریبا 65 ہزار غیر ملکی ہیں جو اس قانون سے مستفیض ہوسکتے ہیں ـ

شیئر: