کویت میں خواتین کو فوج میں بھرتی کرنے کی اجازت
جمعرات 14 اکتوبر 2021 12:17
’وہ ملٹری سروس میں اسپیشلیٹی آفیسرز اور نان کمیشنڈ آفیسرز کے طورپر اپنا اندراج کر سکتی ہیں‘ (فوٹو: القبس)
کویت نے خواتین کو فوج میں کام کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ یہ پہلا موقع ہے جب خواتین بھی عسکری عہدوں پر کام کر سکیں گی۔
العربیہ کے مطابق کویت کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’کونا‘ کے مطابق وزیر دفاع شیخ حمد جابر العلی نے بتایا ہے کہ اب کویتی خواتین کے لیے بھی فوج کے دروازے کھل گئے ہیں۔
’وہ ملٹری سروس میں اسپیشلیٹی آفیسرز اور نان کمیشنڈ آفیسرز کے طورپر اپنا اندراج کر سکتی ہیں‘۔
’اب وقت آ گیا ہے کہ خواتین کو بھی کویتی فوج میں اپنے بھائیوں کے شانہ بشانہ کام کرنے کی اجازت دی جائے‘۔
کویتی وزیر دفاع نے خواتین کی صلاحیتوں اور مشکل حالات میں خود کو ثابت کرنے کی اہلیت پر بھی اطمینان کا اظہار کیاہے ۔
واضح رہے کہ کویتی خواتین پولیس کے شعبے میں 2001 سے ہی کام کر رہی ہیں جس کے بعد اب فوج میں بھی ان کے شامل ہونے کا راستہ ہموار ہو گیا ہے۔