کویت نے غیر ملکی ملازمین کم کرنیکا فیصلہ کرلیا
کویت..... کویت نے غیر ملکیوں کی تعداد کم کرنے کیلئے 5سالہ منصوبے کا اعلان کردیا۔ مبصرین کا کہناہے کہ حکومتِ کویت نے بڑا جراتمندانہ فیصلہ کیا ہے۔ تمام سرکاری اداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ غیر ملکی ملازمین کی تعداد کم کرنے والے منصوبے پر سنجیدگی سے عمل کریں۔کویت میں 1.96ملین ملازم ہیں۔ ان میں سے 81.6فیصد غیر ملکی ہیں۔ باقی کویتی شہری ہیں۔ کویت سے موصولہ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ حکومت مقامی ملازمین کا تناسب 70سے 100فیصد کے درمیان کرنے کا تہیہ کرچکی ہے۔5برس بعد سبکدوش کئے جانے والے تمام غیر ملکی کارکنان کی فہرست تیار کرلی جائیگی۔ شہری خدمات کا ادارہ یہ مہم انجام دے گا۔کویت میں انفارمیشن ٹیکنالوجی ، دفتری امور شماریات، آداب، ابلاغ، تعلقات عامہ، سمندری امور کی اسامیوں پر 100فیصد کویتی کام کررہے ہیں جبکہ فوجداری کے شواہد جمع کرنے ، جرائم سے بچنے ، امدادی امور انجام دینے والے شعبوں میں کویتیوں کا تناسب 98فیصد ہے۔