سمیر وانکھڑے سے آریان خان کیس واپس لے لیا گیا، دہلی یونٹ کے حوالے
سمیر وانکھرے کے مطابق انہوں نے عدالت میں درخواست دی تھی کہ ان سے کیسز واپس لیے جائیں۔ فائل فوٹو: این ڈی ٹی وی
نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے آفیسر سمیر وانکھڑے سے بالی وڈ سپر سٹار شاہ رُخ خان کے بیٹے آریان خان کا کیس واپس لے لیا گیا ہے۔ اس کیس میں سمیر وانکھڑے پر آٹھ کروڑ انڈین روپے کی رشوت کا الزام سامنےآیا تھا۔
این سی بی کے افسر سمیر وانکھڑے سے آریان خان کیس کے ساتھ چھ کیسز دہلی یونٹ منتقل کر دیے گئے۔
انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق سینئر پولیس افسر سنجے سنگھ کی سربراہی میں ایک سپیشل انویسٹی گیشن ٹیم اب آریان خان کیس سمیت چھ کیسز کی تفتیش کرے گی، جنہیں پہلے سمیر واکھیڑے دیکھ رہے تھے۔
ان کیسز کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ یہ مشہور بالی وڈ اداکاروں سے متعلق ہیں۔
سمیر وانکھڑے نے عدالت میں درخواست دی تھی کہ ان سے کیسز واپس لیے جائیں۔
’مجھے تفتیش سے ہٹایا نہیں گیا ہے۔ میں نے عدالت میں رٹ پٹیشن کیا تھا کہ اس معاملے پر کوئی مرکزی ایجنسی تفتیش کرے۔ تو آریان خان اور سمیر خان کے کیس کو (اب) این سی بی دہلی کی سپیشل انویسٹی گیشن ٹیم دیکھے گی۔‘
انڈین وزیر نواب ملک نے آریان خان کیس کے معاملے میں این سی بی پر الزامات عائد کیے تھے۔
نواب ملک اور شاہد پربھاکر کی جانب سے سے الزامات سامنے آنے کے بعد سمیر وانکھڑے کے گذشتہ ریکارڈ اور کیسز سے نمٹنے کے طریقہ کار پر سوالات کھڑے ہوئے تھے۔
این سی بی نے سمیر وانکھڑے کی حمایت میں کہا تھا کہ ان کے سروس ریکارڈ بےعیب ہے اور اس میں صرف افسر کی سچائی اور ایمانداری کی عکاسی ہو رہی ہے۔