منشیات کیس میں ضمانت، آریان خان جیل سے رہا
جمعرات کو ممبئی ہائی کورٹ نے آریان خان کی ضمانت منظور کی تھی (فائل فوٹو: روئٹرز)
بالی وڈ کنگ خان شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو ضمانت ملنے کے بعد آج ممبئی کی جیل سے رہا کردیا گیا ہے۔
انڈین ویب سائٹ انڈیا ٹوڈے کے مطابق بالی وڈ سٹار شاہ رخ خان بیٹے کی رہائی کے لیے آرتھر روڈ جیل پہنچے تھے۔
تین ہفتے جیل میں گزارنے کے بعد جمعرات کو ممبئی ہائی کورٹ نے آریان خان کی ضمانت منظور کی تھی تاہم تفصیلی جمعے کو آیا تھا۔
جیل حکام کے مطابق کہ آریان خان رہا ہونے پر خوش ہیں اور انہوں نے اس بارے میں دیگر قیدیوں سے باتیں کیں۔ شاہ رخ خان کے گھر کے باہر ان کے مداح پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔
جیل کے سپریٹنڈنٹ نتن ویچال نے جمعے کو کہا تھا کہ ’ہم کسی کے ساتھ خصوصی سلوک نہیں کریں گے۔ قانون سب کے لیے برابر ہے۔ ضمانت کے کاغذات وصول کرنے کا وقت ساڑھے پانچ بجے تھا جو گزر چکا ہے۔ ان کو آج رہا نہیں کیا جائے گا۔‘
آریان خان کی ضمانت کے فیصلے کو اداکارہ جوہی چاولہ نے سب کے لیے ایک ’بڑا ریلیف‘ قرار دیا تھا۔
جمعے کو اداکارہ جوہی چاولہ ایک لاکھ انڈین روپے کے ضمانتی مچلکوں پر دستخط کے لیے عدالت میں موجود تھیں اور آریان خان کی ضامن بنیں۔
23 سالہ آریان خان کے وکلا بارہا عدالت میں تردید کر چکے ہیں کہ ان کے پاس سے کسی قسم کی منشیات برآمد نہیں ہوئیں۔
آریان خان کو 2 اکتوبر کو ممبئی کے ساحل پر ایک کروز شپ پر ہونے والی پارٹی کے دوران پولیس چھاپے میں حراست میں لیا گیا تھا۔
نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے اس چھاپے کے دوران 10 افراد کو حراست میں لیا تھا۔ انڈین میڈیا کے مطابق ان پر منشیات خریدنے، رکھنے اور استعمال کرنے جیسے الزامات ہیں۔
آریان خان دو سال امریکہ میں اعلیٰ تعلیم کے لیے مقیم تھے۔ رواں برس کے آغاز میں انہوں نے کیلیفورنیا کے سکول آف سنمیٹک آرٹ سے گریجویٹ کیا تھا۔