Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انسداد بدعنوانی اتھارٹی کے تحقیقاتی دوروں میں 172 افراد گرفتار

ملزمان کو عدلیہ کے حوالے کرنے کے لیے طریقہ کار پر عمل کیا جا رہا ہے۔ (فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب میں اینٹی کرپشن اتھارٹی نے تفتیش کے دوران سرکاری اداروں میں مالی اور انتظامی بدعنوانی سے متعلق جرائم میں ملوث 172 افراد کی گرفتاری کا اعلان کیا ہے۔
الاخباریہ نیوز میں جاری ہونے والے ایک مضمون کے مطابق اینٹی کرپشن اتھارٹی نے اپنے ٹویٹر اکاونٹ پر کی گئی ایک پوسٹ میں کہا کہ گزشتہ ایک ماہ میں6061 تفتیشی دورے کئے گئے اور 512 افراد کے خلاف تحقیقات کی جو انتظامی اور مالی کرپشن میں ملوث ہیں۔

اتھارٹی نے کرپشن کے خلاف اقدامات میں متعدد کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ (فوٹو العربیہ)

اینٹی کرپش اتھارٹی بدعنوانی کے خلاف جنگ اور حکومتی سالمیت کے تحفظ کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
رشوت خوری، جعلسازی، عہدے کے ناجائز استعمال اور سرکاری اختیارات کے غلط استعمال کے الزام میں 172 افراد کو اینٹی کرپشن اتھارٹی نے گرفتار کیا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق وزارت ماحولیات، پانی و زراعت، وزارت دفاع، وزارت صحت، وزارت داخلہ، وزارت خارجہ امور، سعودی نیشنل گارڈ، کمیشن  برائے تعلیم و تربیت سمیت دیگر اداروں میں اس طرح کی بے ضابطگیاں پائی گئی ہیں۔
اینٹی کرپشن اتھارٹی نے اس بات کی تصدیق کی  ہےکہ تمام ملزمان کو عدلیہ کے حوالے کرنے کی تیاری کے لیے قانونی طریقہ کار پر مکمل عمل کیا جا رہا ہے۔
اس کے علاوہ انہوں نے عوامی مفادات کے تحفظ کے لیے مالی یا انتظامی کرپشن سے متعلق کسی بھی شبہ کی اطلاع دینے میں کمیونٹی کے تعاون پر زور دیا۔

اتھارٹی کے مطابق کئی اداروں میں بے ضابطگیاں پائی گئی ہیں۔ (فوٹو عرب نیوز)

اتھارٹی نے مزید بتایا کہ سعودی عرب نے مقامی اور بین الاقوامی سطح پر کرپشن کے خلاف اقدامات میں متعدد کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ 
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کرپشن کے خلاف لڑنے،  اپنے کام میں شفافیت بڑھانے اور حکومتی سالمیت کے تحفظ کے لیے مملکت کی کوششیں اس کے مستقل کام میں جھلکتی ہیں۔
بدعنوانیوں  کی روک تھام ، قانون کی تکمیل اور جوابدہی کو فروغ دینے کے سلسلے میں اینٹی کرپشن اتھارٹی نے حال ہی میں 'انتظامی اور مالیاتی طریقہ کار میں خطرات کی تشخیص اور جائزہ' کے عنوان سے سعودی نیشنل گارڈ کے ساتھ  مل کر ایک ورکشاپ کا بھی اہتمام کیا ہے۔
اس ورکشاپ کا مقصد سرکاری دفاتر میں مشکوک اور غیر قانونی سرگرمیوں کی نشاندہی اور انہیں رپورٹ کرنے کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ہے۔
 

شیئر: