کھلے تفریحی مقامات پر مکمل گنجائش کے ساتھ جانے کی اجازت
توکلنا ایپ میں شائق کا ریکارڈ ’محسن‘ (ویکسین یافتہ) ہونا ضروری ہے۔ (فوٹو اخبار: 24)
سعودی عرب میں ادارہ صحت عامہ (وقایہ) نے کھلے تفریحی مقامات سے متعلق کورونا کے نئے ایس او پیز جاری کیے ہیں۔
مملکت میں مکمل گنجائش کے ساتھ شائقین کو کھلے تفریحی مقامات پر جانے کی اجازت دی گئی جبکہ سماجی فاصلے کی پابندی ختم کردی گئی۔
اخبار 24 کے مطابق صحت کے متعلقہ ادارے نے پارکوں اور فٹ پاتھوں پر آنے جانے سے متعلق کورونا سے بچاؤ کے لیے مقرر پابندیاں ختم کی ہیں۔
کھلے تفریحی مقامات پر جانے کے لیے ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانا لازمی ہے۔ توکلنا ایپ میں شائق کا ریکارڈ ’محسن‘ (ویکسین یافتہ) ہونا ضروری ہے۔
یہ پابندی ویکسین سے مستثنیٰ زمرے پر لاگو نہیں ہوگی۔ ادارہ صحت نے ہدایت کی ہے کہ ریستورانوں اور کافی شاپس کی جانب سے گھوم پھر کر سامان فروخت کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ کھانے پینے کی اشیا مقررہ مقامات تک ہی محدود رہیں گی۔
ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ دونوں ہاتھ پانی اور صابن سے بار بار 40 سیکنڈ تک رگڑ کر دھوئیں۔ پانی اور صابن نہ ہونے کی صورت میں کم از کم 20 سیکنڈ تک سینیٹائزر ہاتھوں پر ملیں۔
بیان میں ادارہ صحت نے کہا کہ تفریحی مقامات کی صفائی کے وقت دستانوں کا استعمال ضروری ہے۔