بیلا حدید کی روتے ہوئے تصاویر: ’سوشل میڈیا اصل زندگی نہیں ہے‘
بیلا حدید نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ سوشل میڈیا اصل زندگی نہیں ہے (فوٹو: بیلا حدید انسٹاگرام)
امریکی ماڈل بیلا حدید نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی کچھ تصاویر شیئر کی ہیں جن میں ان کی آنکھیں آنسوؤں میں ڈبڈبائی ہوئی ہیں اور اس کے ساتھ انہوں نے اپنی ذہنی صحت کے حوالے سے کھُل کر بات کی ہے۔
بیلا حدید نے منگل کو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر گلوکارہ ولیم سمتھ کی ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں وہ یہ بتا رہی ہیں کہ بعض اوقات انہیں ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وہ زیادہ بہتر نہیں ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ ’ولیو سمتھ میں آپ سے اور آپ کے الفاظ سے محبت کرتی ہوں۔ اس سے میں نے خود کو کم تنہا محسوس کیا اور یہی وجہ ہے کہ میں یہ پوسٹ کر رہی ہوں۔‘
25 سالہ ماڈل نے اپنے عدم تحفظ اور الجھاؤ کے احساس کے بارے میں بتا کی جن کا ہم اپنی زندگی کے کسی نہ کسی موڑ پر سامنا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’لوگ بھول جاتے ہیں کہ سب ایک جیسا ہی محسوس کرتے ہیں: کھویا ہوا، الجھن میں، جو اس بارے میں یقین سے کچھ نہیں کہہ سکتے کہ وہ یہاں کیوں ہیں۔ ہر کوئی گھبراہٹ محسوس کرتا ہے اور اسے کسی نہ کسی طرح چھپانے کی کوشش کرتا ہے۔‘
اپنی پوسٹ میں انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ سوشل میڈیا اصل زندگی نہیں ہے۔
انہوں نے لکھا کہ ’سوشل میڈیا اصل نہیں ہے، جو کوئی بھی جدوجہد کر رہا ہے براہ مہربانی یہ یاد رکھے۔‘
انہوں نے اپنی روتے ہوئے کچھ سیلفیاں پوسٹ کیں اور لکھا کہ ’یہ بہت حد تک میرا ہر دن، ہر رات کا کام ہے۔ کچھ سالوں سے۔ بعض اوقات آپ کو یہ سننے کو ملتا ہے کہ آپ تنہا نہیں ہیں، میں آپ سے محبت کرتا/کرتی ہوں۔‘
بیلا حدید نے لکھا کہ ’بے بسی اور بے چینی کا احساس ختم ہو سکتا ہے اور دوبارہ شروع ہو بھی ہو سکتا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’یہ بہت حد تک ایک رولر کوسٹر کی طرح ہے جو کبھی بلندی پر جاتا ہے تو کبھی نیچے کی طرف آتا ہے لیکن میں آپ کو بتانا چاہوں گی کہ آخر میں ہمیشہ روشنی دکھائی دے گی اور رولر کوسٹر کو کسی نہ کسی مقام پر ہمیشہ کے لیے رکنا پڑتا ہے۔‘
بیلا حدید نے یہ بھی لکھا کہ انہیں یہ جاننے کے لیے بہت پریشانیوں سے گزرنا پڑا کہ اگر آپ اپنے صدموں، خوشیوں کو سمجھنے میں وقت صرف کریں تو آپ یہ جان جائیں گے کہ اپنی ذہنی صحت کو کیسے بہتر بنائیں۔
بیلا حدید اس سے پہلے بھی ٹین ایج میں شدید بے چینی اور گھبراہٹ سے نبردآزما ہونے کے حوالے سے بات کر چکی ہیں۔