بیلا حدید کی پوسٹ ہٹانے پر انسٹاگرام کی معافی
جمعرات 9 جولائی 2020 16:37
فلسطینی نژاد امریکی ماڈل نے لکھا تھا کہ ان کی جائے پیدائش فلسطین ہے۔ فوٹو: انسٹاگرام
سوشل میڈیا ایپلی کیشن انسٹا گرام نے امریکی فیشن ماڈل بیلا حدید کی فلسطین سے متعلق پوسٹ ہٹانے پر معذرت کی ہے۔
رواں ہفتے 23 سالہ فلسطینی نژاد امریکی ماڈل نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنے والد کے امریکی پاسپورٹ کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ان کی جائے پیدائش فلسطین ہے۔
بیلا حدید نے اپنے تین کروڑ سے زیادہ فالوورز کے ساتھ انسٹا گرام کی جانب سے موصول ہونے والا پیغام شیئر کیا جس میں آگاہ کیا گیا تھا کہ ان کی پوسٹ ایپلی کیشن کی کمیونٹی پالیسی کے مطابق نہ ہونے کے باعث ہٹا دی گئی ہے۔
امریکی ماڈل بیلا حدید نے اپنے اکاؤنٹ پر انسٹاگرام کو ٹیگ کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ اگر انہیں اپنے والد کی جائے پیدائش فلسطین ہونے پر فخر ہے، تو ان کی پوسٹ کا کونسا حصہ کمیونٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرتا ہے۔
انہوں نے انسٹاگرام سے پوچھا کی کس طرح سے ان کی پوسٹ ہراسانی یا جنسی مواد کی تشہیر کرتی ہے۔
نیویارک کے جریدے پیچ سکس کے مطابق فیس بک کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ، 'صارفین کی حفاظت کے لیے ہم ذاتی معلومات جیسا کہ پاسپورٹ کا نمبر پوسٹ کرنے کی اجازت نہیں دیتے۔'
تاہم انہوں نے مزید کہا کہ بیلا حدید نے پاسپورٹ کا نمبر دھندلا کردیا تھا اسی لیے ان کی پوسٹ ہٹانی نہیں چاہیے تھی۔ ’ہم نے پوسٹ دوبارہ لگا دی ہے اور بیلا سے اس غلطی کی معافی مانگی ہے۔‘