انڈیا: نفرتیں ختم کرنے کے لیے ’پیار اور بھائی چارے کی خوشبو‘ والے پرفیوم کی لانچ
جمعرات 11 نومبر 2021 17:02
اکھلیش یادو نے امید کا اظہار کیا ہے کہ پرفیوم کی لانچ سے ریاست اتر پردیش میں وزیراعظم نریندر مودی کوشکست دینے میں مدد ملے گی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں بائیں بازو کی اپوزیشن جماعت نے ’بھائی چارے، پیار اور سوشلزم کی خوشبو‘ کے نام سے ایک نیا پرفیوم متعارف کیا ہے جس کا مقصد نفرتوں کو ختم کرنا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق انڈیا کی سماج وادی پارٹی نے 2022 میں ہونے والے انتخابات کے لیے ریاست اتر پردیش کے ووٹرز کی حمایت حاصل کرنے کی امید میں یہ پرفیوم لانچ کیا ہے۔
پارٹی سے تعلق رکھنے والے قانون ساز پش پراج جین نے 2022 کے انتخابات کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے 24 قدرتی خوشبوؤں کو ملا کر یہ پرفیوم تیار کیا ہے۔
پرفیوم کی بوتل کو سیاسی جماعت کے سبز اور سرخ رنگ سے سجایا گیا ہے جبکہ انتخابی نشان ’سائیکل‘ بھی بوتل پر نصب ہے۔
سماج وادی پارٹی کے رہنما اکھلیش یادو نے امید کا اظہار کیا ہے کہ پرفیوم کی لانچ سے ریاست اتر پردیش میں وزیراعظم نریندر مودی کوشکست دینے میں مدد ملے گی۔
خیال رہے کہ اتر پردیش انڈیا کی سب سے زیادہ آبادی والی ریاست ہے۔
بھارتیہ جنتا پارٹی سے تعلق رکھنے والے یوگی ادتیہ ناتھ سنہ 2017 سے ریاست اتر پردیش کے وزیراعلیٰ ہیں جو مسلمان مخالف بیانات کے لیے بھی جانے جاتے ہیں۔
49 سالہ ادتیہ ناتھ سے متعلق خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ آئندہ انتخابات میں نریندر مودی کی جگہ لے سکتے ہیں۔
دو کروڑ 30 لاکھ آبادی والی ریاست اتر پردیش کے ووٹرز کی حمایت حاصل کرنے کے لیے سیاستدان رشوت دینے سے لے کر ہر قسم کے حربے استعمال کرتے ہیں۔
سماج وادی سیاسی جماعت نے پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں اور پارٹی ورکرز میں پرفیوم کی بوتلیں تقسیم کیں۔
یہ پہلی مرتبہ نہیں کہ اکھلیش یادو نے سیاسی مقاصد کے لیے پرفیوم لانچ کیا ہو وہ اس سے قبل بھی چار دفعہ مختلف پرفیوم لانچ کر چکے ہیں۔