’سرجیکل سٹرائیکس پر فخر ہے‘، نریندر مودی کی فوجیوں کے ساتھ دیوالی
’سرجیکل سٹرائیکس پر فخر ہے‘، نریندر مودی کی فوجیوں کے ساتھ دیوالی
جمعرات 4 نومبر 2021 12:19
وزیراعظم مودی ہر سال دیوالی سرحدی علاقوں میں تعینات فوجیوں کے ساتھ مناتے آ رہے ہیں۔ (فوٹو: اے این آئی)
انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی نے دیوالی کا تہوار انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں تعینات فوجیوں کے ساتھ منایا اور اس موقعے پر کہا کہ ’مجھے سرجیکل سٹرائیکس میں آپ کے کردار پر فخر ہے۔‘
انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی نے جمعرات کو کہا کہ 2016 میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے پار سرجیکل سٹرائیکس انڈین فوج کے عزم اور صلاحیتوں کی نشاندہی کرتی ہیں اور یہ کہ سرجیکل سٹرائیک کرنے کے بعد آخری فوجی کے بحفاظت واپس آنے تک انہوں نے خود آپریشن کی نگرانی کی۔
واضح رہے کہ انڈیا نے 29 ستمبر 2016 کو جموں و کشمیر کے اُڑی سیکٹر میں آرمی بیس پر دہشت گردانہ حملے کے جواب میں ایل او سی کے پار سرجیکل سٹرائیک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
نریندر مودی نے راجوری کے سرحدی ضلع کے نوشہرہ سیکٹر میں فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ’ہمارے سپاہی ’بھارت ماتا‘ کے ’سرکشا کاوچ‘ ہیں۔ یہ آپ سب کی وجہ سے ہے کہ ہمارے ملک کے لوگ سکون سے سو سکتے ہیں اور تہواروں کے دوران یہاں خوشی ہوتی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ پانچ سال قبل سرجیکل سٹرائیک کے بعد دہشت گردی پھیلانے کی کوششیں کی گئیں لیکن انہیں منہ توڑ جواب دیا گیا۔
دیوالی پر وزیراعظم مودی نے فوجیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ’ سرجیکل سٹرائیکس میں آپ کے کردار پر فخر ہے۔‘
’سرجیکل سٹرائیک میں آپ کے کردار کو ملک یاد رکھے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ انڈیا کو بدلتی ہوئی دنیا اور جنگ کے طریقوں کے مطابق اپنی فوجی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا چاہیے۔
وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے وزیراعظم مودی ہر سال دیوالی سرحدی علاقوں میں تعینات فوجیوں کے ساتھ مناتے آ رہے ہیں۔ انہوں نے 2014 میں سیاچن کے دورے سے اس سلسلے کا آغاز کیا تھا۔
واضح رہے کہ انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں پونچھ اور راجوری کے جڑواں سرحدی اضلاع میں تشدد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور گزشتہ تین ہفتوں کے دوران 11 فوجی مارے گئے ہیں۔
انڈیا کی فوج گزشتہ 24 دنوں میں پونچھ اور راجوری کے جنگلات میں انسداد دہشت گردی کے سب سے طویل آپریشن میں مصروف ہے۔ آپریشن میں 9 فوجی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے لیکن اب تک اسے کوئی بڑی کامیابی نہیں ملی۔