مشرق ریجن میں بغیر لائسنس گولڈ کا کاروبار کرنے والے غیر ملکی گرفتار
غیر قانونی تارکین بغیر لائسنس سونے کا کاروبار کر رہے ہیں( فوٹو ٹوئٹر)
سعودی وزارت تجارت کی نگراں ٹیموں نے مشرقی ریجن میں بغیر لائسنس زیورات تیار کرنے والے کارخانے پر چھاپے مار کر سونے کے زیورات اور خام سونا برآمد کیا ہے۔
غیر قانونی طور پر مقیم تارکین وطن بغیر لائسنس سونے کا کاروبار اور گھروں پر زیورات تیار کرکے سپلائی کررہے تھے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ اطلاع ملی تھی کہ غیر قانونی تارکین زیورات بنانے کا کاروبار کررہے ہیں اور وہ 7 فلیٹس کرایے پر حاصل کیے ہوئے ہیں جہاں کارخانہ قائم ہے۔
وزارت تجارت نے بتایا کہ فلیٹ سے سونے کے 400 زیورات اور ڈھ۔ائی کلو گرام سے زیادہ خام سونا برآمد ہوا جبکہ معروف تجارتی برانڈز کی مہریں بھی برآمد کی گئی ہیں۔ زیورات کی تیاری میں استعمال ہونے والے آلات ضبط اور غیر قانونی تارکین کو حراست میں لیا گیا ہے۔