کم پٹرول خرچ کرنے والی گاڑیاں لائی جائیں، سعودی مجلس شوریٰ
جمعرات 11 نومبر 2021 5:22
بجلی اور پٹرول کے خرچ میں کفایت شعاری سے کام لیا جائے(فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی مجلس شوریٰ نے مطالبہ کیا ہے کہ زیادہ پٹرول خرچ کرنے والی گاڑیاں کم پٹرول والی گاڑیوں سے تبدیل کرنے کا پروگرام تیار کیا جائے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق شوریٰ نے توانائی و صنعتی کمیٹی کا موقف سننے کے بعد سعودی سینٹر فارانرجی ایفیشینسی کی سالانہ رپورٹ سے متعلق قرارداد جاری کی ہے۔
شوری نے سفارش کی ہے کہ’ سعودی سینٹر فارانرجی ایفیشینسی کم پٹرول خرچ کرنے والی گاڑیوں سے متعلق عوام کی مدد سے تجاویز تیار کرے۔
اس حوالے سے جائزہ لیا جائے کہ عوام زیادہ پٹرول والی گاڑیاں کم خرچ والی گاڑیوں سے کس طرح تبدیل کر سکتے ہیں۔
مجلس شوریٰ نے مطالبہ کیا کہ شاہی ہدایات کے مطابق بجلی اور پٹرول کے خرچ میں کفایت شعاری سے کام لیا جائے اور اسے تمام شعبوں میں یقینی بنایا جائے۔
شوریٰ نے سعودی سینٹر فارانرجی ایفیشینسی سے کہا ہے کہ وہ توانائی کے شعبوں میں ہر انیشیٹو پرعمل درآمد کے لیے نظام الاوقات تیار کرے۔