نئی دوا سے چوہوں میں فالج ختم، انسانوں کے علاج کے لیے ٹرائلز ہوں گے
اس دوا کے استعمال سے چوہے چار ہفتوں کے اندر دوبارہ چل سکتے ہیں (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
امریکی سائنس دانوں نے ایک نئی دور تیار کی ہے جو ریڑھ کی ہڈی کی چوٹوں والے چوہوں میں خلیات کی تخلیق نو کو فروغ دیتی ہے اور فالج کو ختم کرتی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اس دوائی کے استعمال سے چوہے چار ہفتوں کے اندر دوبارہ چل سکتے ہیں۔
یہ تحقیق جمعرات کو جریدے ’سائنس‘ میں شائع ہوئی ہے اور یہ تحقیق کرنے والی نارتھ ویسٹرن یونیورسٹی کے سائنس دانوں کی ٹیم کو امید ہے کہ وہ آئندہ سال کے اوائل میں فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کو انسانی ٹرائلز کی تجویز پیش کرے گی۔
اس تحقیق کی قیادت کرنے والے نارتھ ویسٹرن کے سیموئیل سٹوپ نے کہا کہ ’ہماری تحقیق کا مقصد ایک ایسی تھراپی تیار کرنا تھا جسے کلینک میں لایا جاسکے تاکہ لوگوں کو بڑے صدمے یا بیماری کے بعد مفلوج ہونے سے بچایا جاسکے۔‘
فالج کا علاج طب کا ایک دیرینہ مقصد ہے اور اس شعبے میں دیگر جدید تحقیق میں نئے نیوران (اعصابی خلیات) بنانے کے لیے سٹیم سیلز کا استعمال کرتے ہوئے تجرباتی علاج شامل ہیں، جین تھراپی جو کہ جسم کو اعصاب کی مرمت میں مدد کے لیے مخصوص پروٹین تیار کرنے کے لیے کہتی ہے۔
دوسری طرف سٹوپ کی ٹیم نے ’ایکسٹرا سیلولر میٹرکس‘ کے فن تعمیر کی نقل کرنے کے لیے نانوفائبرز کا استعمال کیا۔۔۔ بافتوں کے ارد گرد مالیکیولز کا قدرتی طور پر پایا جانے والا نیٹ ورک جو خلیوں کی مدد کا ذمہ دار ہے۔
ہر ایک ریشہ انسانی بالوں کے مقابلے میں تقریباً 10 ہزار گنا تنگ ہوتا ہے، اور وہ سینکڑوں ہزاروں بائیو ایکٹیو مالیکیولز پر مشتمل ہوتے ہیں جنہیں پیپٹائڈز کہتے ہیں جو اعصاب کی تخلیق نو کو فروغ دینے کے لیے سگنل منتقل کرتے ہیں۔