Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا: ہریانہ میں ہندو گروپوں نے کھلی جگہوں پر مسلمانوں کی نماز رکوا دی

یونین منسٹر کرشن پال گجر نے کہا ہے کہ لوگوں کو ان مقامات پر نماز ادا کرنے دی جائے اگر وہ اس مقصد کے لیے مختص ہیں (فوٹو: این ڈی ٹی وی)
انڈیا کی ریاست ہریانہ کے گڑگاؤں شہر میں دائین بازو سے وابستہ ہندو گروپوں نے کھلی جگہوں پر مسلمانوں کی نماز رکوا دی ہے۔
انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق گڑگاؤں میں مسلمانوں کو نماز سے روکنے کے لیے ہندو گروپس نے سیکٹر 12 اے میں واقع ایک جگہ پر قبضہ کرلیا۔
سائٹ کی تصاویر میں لوگوں کو اس جگہ کے آس پاس بیٹھے دیکھا جا سکتا ہے۔ مظاہرین صبح جمع ہوئے اور انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ یہاں والی بال کورٹ بنا رہے ہیں حالانکہ وہ مسلمانوں کو نماز کی ادائیگی سے روک رہے ہیں۔
اس گراؤنڈ کے آس پاس گائے کے گوبر کے اُپلے پچھلے ہفتے سے زمین پر پھیلے ہوئے ہیں جب دائیں بازو کے گروپوں نے وہاں ’پوجا‘ کا انعقاد کیا۔ انہوں نے نماز کی جگہ پر بھی گوبر پھیلایا تھا۔
مسلم تنظیمیں جنہیں پچھلے کئی ہفتوں سے اس جگہ اور دیگر مقامات پر احتجاج اور دھمکیوں کا سامنا ہے، نے کہا ہے کہ وہ آج اس مقام پر نماز نہیں پڑھیں گے۔
جمعہ کو ہونے والا یہ احتجاج مقامی مسلمانوں اور ہندوؤں کے درمیان ہر ہفتے ہونے پیدا ہونے والے تناؤ کا حصہ ہے، اس میں مبینہ طور پر دائیں بازو کے ہندو گروپوں سے وابستہ افراد نے اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے مسلمانوں کی نماز کی جگہوں پر یہ کہتے ہوئے حملہ کیا ہے کہ یہ عوامی مقامات ہیں۔
واضح رہے کہ گڑگاؤں کا سیکٹر 12 اے ان 29 جگہوں میں سے ایک ہے جن کے بارے میں 2018 میں ہندو اور مسلمانوں کے درمیان ہوئے ایک معاہدے میں یہ طے ہوا تھا کہ یہ مسلمانوں کی نماز کے لیے ’مختص‘ ہے۔

گذشتہ ہفتے پولیس نے سیکٹر 12 اے میں احتجاج کرنے والے 30 افراد کو اپنی تحویل میں لیا تھا (فوٹو: این ڈی ٹی وی)

گذشتہ ہفتے پولیس نے سیکٹر 12 اے میں احتجاج کرنے والے 30 افراد کو اپنی تحویل میں لیا تھا۔ اس وقت گڑگاؤں کے دیگر سیکٹرز میں بھی مسلمانوں کی نماز کے خلاف احتجاجی مظاہرے ہوئے اور مظاہرین اس دوران ’جے شری رام ‘ کے نعرے لگا رہے تھے اور مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر درج تھا ’کھلے مقامات پر نماز کو روکیں۔‘
یونین منسٹر کرشن پال گجر نے کہا ہے کہ لوگوں کو ان مقامات پر نماز ادا کرنے دی جائے اگر وہ اس مقصد کے لیے مختص ہیں۔

شیئر: