پاکستان سوشل کلب عمان کے زیر اہتمام یوم پاکستان کی تقریب
مسقط: پاکستان سوشل کلب مسقط (یوتھ ونگ) کی جانب سے یوم پاکستان کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مسقط میں رہنے والے پاکستانیوں کے علاوہ مختلف سماجی اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین پاکستان سوشل کلب عمان میاں محمد محمد منیر تھے ۔پروگرام کا آغاز حافظ بلال کی تلاوت کلا پاک سے ہوا ۔ نعت رسول مقبول شکیل قادری نے پیش کی ۔ مظہر جاوید نے اسٹیج سیکریٹری کے فرائض نہایت اعلی انداز میں سرانجام دیئے ۔ نائب صدر یوتھ ٹیلنٹ ونگ انجینیئر محمد افتخار نے استقبالیہ کلما ت ادا کئے اور تمام معزز مہما نوں کو خوش آمدید کہا ۔ اسد عمران نے نہایت عمدہ انداز میں وطن کی محبت پر اپنی نظم سنائی اور سامعین کے دلوں کو جذبہ حب الوطنی سے گرمادیا۔ عابد مغل نے وطن کی محبت سے بھرپور نظم سنائی ۔ اسکے بعد عدنان وحید نے اپنی نہایت خوبصورت آواز میں قومی نغمہ ’’ اے راہ حق کے شہیدو‘‘ گایا توسامعین محفل جھوم اٹھے ۔نوجوان کنیل بخش نے گیٹار پر دھن کے ساتھ ملی نغمہ گایا اور سامعین سے خوب داد سمیٹی ۔ پاکستان اسکول مسنعہ کے ہونہار طا لب علموں حاشر مدثر اور اویس زاہد نے بالترتیب تقریر اور ملی نغمہ پیش کیا ۔ اس کے بعد حاضرین سے قومی نوعیت کے انتہائی مفید سوال پوچھ کر درست جواب دینے والو ں کو انعامات بھی دیئے گئے ۔ بچوں کے درمیان پینٹنگ کا مقابلہ بھی ہوا۔ عالیا ن مغل نے اول، احمد سلیم نے دوم اور علینا سعد نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔ جنرل سیکریٹری پاکستان سوشل کلب عمان زعیم احمد نےا سٹیج پر آکر مختصر خطاب میں حاضرین محفل کو یوم پاکستان کی مبارکباد دی اور پاکستان سوشل کلب عمان کے یوتھ ونگ کی عمان میں خدمات کو سراہا۔ اسکے بعد ڈپٹی چیئرمین پاکستان سوشل کلب اخمت حیات راجہ نے اختتامی کلمات کہے ۔انہوں نےاس شاندار طریقے سے یوم پاکستان منانے پر یوتھ ٹیلنٹ ونگ ، پاکستان سوشل کلب عمان کی تمام ٹیم کو مبارکباد دی ۔یوم پاکستان کی مناسبت سے مہمانوں نے کیک کاٹا ۔ آخر پر حافظ نعیم نے دعا کرائی اور یوں یہ شاندار تقریب اپنے اختتام کو پہنچی ۔ مہمانوں کی تواضع اور کھانے پینے کا اہتمام بھی کیا گیا تھا ۔
عمان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی اپنی خبریں ،تقریبات کی تصاویراور ویڈیو ہمیں بھیجیں، ہمیں شائع کرکے خوشی ہوگی۔ اپنی رپورٹیں درج ذیل ای میل پر ارسال کریں