سعودی ویمن فٹبال لیگ کے پہلے ایڈیشن کے آغاز کا اعلان
سعودی ویمن فٹبال لیگ کے پہلے ایڈیشن کے آغاز کا اعلان
ہفتہ 13 نومبر 2021 21:23
پہلے مرحلے میں محتلف علاقوں کی 16 ٹیمیں شرکت کررہی ہیں( فوٹو ٹوئٹر)
سعودی فٹبال فیڈریشن نے چار سالہ تیاریوں کے بعد ویمن فٹبال لیگ کے پہلے ایڈیشن کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔
لیگ سسٹم کے پہلے مرحلے کا آغاز رواں ماہ 22 نومبر کو کیا جائے گا جس میں ریجنل ٹیمیں شرکت کریں گی۔
عاجل نیوز کے مطابق پہلے مرحلے میں محتلف علاقوں کی 16 ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔
ٹورنامنٹ تین بڑے شہروں میں منعقد کیے جائیں گے جن میں ریاض، جدہ اور دمام شامل ہیں۔جدہ اور ریاض میں چھ ٹیمیں میچ کھیلیں گی جبکہ دمام میں چار ٹیموں کے درمیان میچ ہوگا۔
ریاض اور جدہ میں پہلی تین پوزیشنوں پر آنے والی جبکہ دمام میں پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں فائنل چیمپین شپ کے لیے کوالیفائی کریں گی۔
فائنل مقابلے اگلے برس یعنی 2022 کے آغاز میں جدہ کے شاہ عبداللہ اسپورٹس سٹی اسٹیڈیم میں منعقد ہوں گے جو ناک آوٹ سسٹم کے تحت کھیلے جائیں گے۔
یاد رہے کہ سعودی عرب فٹبال فیڈریشن نے خواتین کی فٹبال کو فروغ دینے کے لیے کئی منصوبوں کا اعلان کیا تھا۔ ویمن فٹبال لیگ کے پہلے ایڈیشن میں جو کھلاڑی سامنے آئیں گے ان سے خواتین کی پہلی قومی ٹیم بنائی جائے گی۔