Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ڈاکار ریلی کا آغاز یکم جنوری کو حائل سے ہوگا

ریلی 2022 میں مختلف ملکوں کے 70 ڈرائیور شرکت کریں گے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب ڈاکار ریلی کی میزبانی کرے گا۔ سعودی ڈاکار ریلی یکم جنوری 2022 کو حائل سے شروع ہوگی۔ 
سعودی ڈاکار ریلی 2022 میں مختلف ملکوں کے 70 ڈرائیور شرکت کریں گے۔ یہ دنیا کی معروف، قدیم اور خطرناک ترین ریلی خیال کی جاتی ہے۔ 
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے  مطابق سعودی موٹر اینڈ موٹر سائیکل آرگنائزیشن کے چیئرمین شہزادہ خالد بن سلطان الفیصل نے کہا کہ سعودی ڈاکار ریلی کی تیاریاں جاری ہیں۔

 ڈاکار ریلی 2022 شرکا کی تعداد کے حوالے سے سب سے بڑی ہوگی۔ (فوٹو: ایس پی اے)

مقررہ پروگرام کے مطابق تمام کام کیے جا رہے ہیں۔ خواہش اور کوشش یہ ہے کہ گذشتہ دو برسوں کے دوران اس ریلی نے جو کامیابیاں حاصل کی ہیں اس مرتبہ پہلے سے زیادہ کامیابیاں ملیں۔
شہزادہ خالد بن سلطان الفیصل نے کہا کہ اس سال سعودی ڈاکار ریلی میں دلچسپی پہلے سے زیادہ لی جا رہی ہے۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ریلی کو منظم کرنے کے سلسلے میں سعودی عرب پر اعتماد بڑھ رہا ہے۔
سعودی ڈاکار ریلی 2022 شرکا کی تعداد کے حوالے سے اب تک کی سب سے بڑی ہوگی۔ اس میں سب سے زیادہ فرانس، دوسرے نمبر پر سپین، تیسرے نمبر پر ہالینڈ، چوتھے نمبر پر اٹلی اور چیک کے ڈرائیور شرکت کر رہے ہیں۔ 
ریلی کا آغاز یکم جنوری 2022 کو حائل ریجن سے ہوگا۔ ڈرائیوروں کا رخ سعودی دارالحکومت ریاض کی جانب ہوگا وہاں وہ ایک روز آرام کریں گے۔
سعودی عرب کی جغرافیائی تشکیل اور چیلنجوں سے بھرپور صحرا سے گزرتے ہوئے 14 جنوری کو جدہ پہنچیں گے- اس مرتبہ ریلی دو مراحل پر مشتمل ہوگی۔ 

شیئر: