Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ کی یو این فوڈ پروگرام میں خصوصی شرکت

کنگ سلمان مرکز نے خوراک کی امداد کے لیے1.23بلین ڈالر عطیہ کیا ہے۔ (فوٹو واس)
کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سنٹر کے نگران اعلی  ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے روم میں ورلڈ فوڈ پروگرام کے ایگزیکٹو بورڈ کے دوسرے باقاعدہ اجلاس میں خاص مہمان کی حیثیت سے شرکت کی۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ڈاکٹر الربیعہ نے ورلڈ فوڈ پروگرام کے اجلاس میں شرکت کی دعوت ملنے پر  ایگزیکٹو بورڈ کا شکریہ ادا کیا ہے۔
ڈاکٹر الربیعہ نے تنظیم کو خصوصی اعزاز سے نوازے جانے پر کہا ہےکہ یہ تنظیم اس اعزاز کی حقیقی طور پر مستحق ہے۔
یہ اعزازعالمی برادری کی جانب سے دنیا بھر میں انسانوں کی تکالیف دور کرنے میں تنظیم کی جانب سے ادا کیے جانے والے اہم کردار کی عکاسی کرتا ہے۔
اس موقع پر ڈاکٹر الربیعہ نے بتایا ہے کہ سعودی عرب اور ورلڈ فوڈ پروگرام کے درمیان شراکت داری 45 سال پر محیط ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ورلڈ فوڈ پروگرام کے تحت کنگ سلمان سنٹر کی پارٹنرشپ باہمی تعاون پر مبنی ہے جس کا مقصد  ناگہانی آفات، تنازعات اور اندرونی اور بیرونی بحرانوں کی وجہ سے خوراک کی شدید کمی کا سامنا کرنے والی آبادیوں اور دیگر علاقوں کو فوری اور جامع امداد فراہم کی جا سکے۔
اس موقع پر ڈاکٹر الربیعہ نے وضاحت کی کہ  کنگ سلمان امدادی مرکز نے 24 ممالک میں خوراک کی امداد کے پروگراموں کے لیے1.23بلین ڈالر عطیہ کیا ہے۔
یمن میں کنگ سلمان سنٹر کی جانب سے27 امدادی پروگرام نافذ کئے گئے ہیں جس کے لیے 1.16 بلین ڈالر کا امدادی پیکیج ہے۔
واضح رہے کہ کنگ سلمان مرکز اور ورلڈ فوڈ پروگرام کے درمیان امدادی شراکت کا یہ عمل1973 کے معاشی بحران کے بعد شروع ہوا تھا۔

یمن میں کنگ سلمان سنٹر کی جانب سے27 امدادی پروگرام نافذ  ہیں۔ (فوٹو عرب نیوز)

2008 میں جب عالمی مالیاتی بحران شروع ہوا تو سعودی عرب نے خوراک کی بلند قیمتوں سے پریشان حال لوگوں کے لیے فوری امداد فراہم کرنے کے لیے ورلڈ فوڈ پروگرام کے لیے 500 ملین ڈالر کی ایک تاریخی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا۔
ڈاکٹر الربیعہ نے بتایا  ہے کہ 2014 میں سعودی عرب نے عراق میں بے گھر ہونے والے خاندانوں کے ساتھ ساتھ شام، جنوبی سوڈان اور صومالیہ کے پناہ گزینوں کے لیے بھی خوراک فراہم کرنے کے لیے 200 ملین ڈالر سے زائد کا تعاون کیا۔
ایک اندازے کے مطابق سعودی عرب نے 2005 اور2021 کے درمیان غذائی تحفظ کے شعبوں میں 124 منصوبوں کی تکمیل کے لیے  1.9 بلین ڈالر فراہم کیے۔
اس کے علاوہ سعودی عرب کے سالانہ 'گفٹ آف ڈیٹس' پروجیکٹ نے 4,500 ٹن  کھجوریں فراہم کی ہیں جو تنظیم کے ذریعے تقسیم کی جائیں گی تاکہ متعدد ممالک میں ضرورت مند کمیونٹیز کو غذائی امداد فراہم کی جا سکے۔
 

شیئر: