Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افغانستان کی درخواست پر پاکستان ایوی ایشن کے اہلکاروں کو ٹریننگ دے گا

عرفان صابر نے بتایا کہ افغان اہلکاروں کی تربیت حیدرآباد میں سول ایوی ایشن ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میں ہوگی۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان افغان ایوی ایشن اہلکاروں کو ایئر ٹریفک کنٹرول اور ایئرپورٹ آپریشنز کی تربیت دے گا۔
عرب نیوز کے مطابق پاکستانی حکام نے جمعرات کو بتایا کہ یہ فیصلہ افغانستان کے وزیر خارجہ کے حالیہ دورے کے دوران مدد کی درخواست کے بعد کیا گیا ہے۔
افغان حکومت کے عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی گذشتہ ہفتے پاکستان کے پہلے دورے پر تھے۔
اپنے دورے کے دوران انہوں نے اعلیٰ حکام کے ساتھ تجارت، سرحد پار نقل و حرکت اور علاقائی رابطوں پر تبادلہ خیال کیا، تاہم اسلام آباد میں افغان سفارت خانے نے اس ہفتے کے شروع میں ایک بیان میں کہا کہ دونوں فریقوں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ پاکستان افغان ایوی ایشن اہلکاروں کو پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرے گا۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے عرب نیوز کو تصدیق کی کہ اسلام آباد 'مطلوبہ شعبوں میں افغانوں کو پیشہ ورانہ صلاحیت بڑھانے کی پیشکش کرنے کے لیے تیار ہے۔'
انہوں نے کہا کہ 'ایوی ایشن بھی ایک ایسا شعبہ ہے جس میں پاکستان مدد فراہم کرے گا۔'
اس حوالے سے پاکستانی حکومت کے ایوی ایشن ڈویژن کے ڈپٹی سیکریٹری نور احمد نے کہا کہ ملک کی قومی فضائی کمپنی پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) اور پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (پی سی اے اے) دونوں افغان اہلکاروں کی مدد کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ' ہم نے وزارت خارجہ کو بتایا ہے کہ پی آئی اے اور سول ایوی ایشن دونوں افغان ٹیموں کو مطلوبہ تربیت فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔'
پی سی اے اے کے ایئر ٹرانسپورٹ ڈائریکٹر عرفان صابر، جو افغان وزیر خارجہ کے دورہ اسلام آباد کے دوران پاکستانی وفد کا حصہ تھے، نے کہا کہ افغان حکام نے ایئر ٹریفک کنٹرول، ایئرپورٹ آپریشنز اور ہوائی جہاز کی دیکھ بھال سمیت متعدد شعبوں میں تربیت کی درخواست کی تھی۔
عرفان صابر نے بتایا کہ 'انہوں نے ہم سے اے ٹی سی (ایئر ٹریفک کنٹرول)، ریڈار کنٹرول، ہوائی جہاز کی دیکھ بھال اور آپریشنل ٹریننگ اور ہوائی اڈے کے آپریشنز کی تربیت فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔'
انہوں نے مزید کہا کہ تربیت صوبہ سندھ کے شہر حیدرآباد میں سول ایوی ایشن ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میں ہوگی۔

شیئر: