Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’عمران خان میرا بڑا بھائی‘ کہنے پر سدھو انڈیا میں تنقید کی زد میں

انڈیا کے سابق کرکٹر اور اپوزیشن جماعت کانگریس کے پنجاب کے صدر نوجوت سنگھ سدھو پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کو اپنا ’بڑا بھائی‘ قرار دینے پر بے جے پی اور دیگر ہندو انتہا پسند گروپوں کی جانب سے شدید تنقید کی زد میں آگئے ہیں۔
بابا گرو نانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے نوجوت سنگھ سدھو پاکستان آئے تھے۔
سنیچر کو سوشل میڈیا پر نوجوت سنگھ سدھو کی کرتارپور راہداری سے پاکستان آمد کی ایک ویڈیو وائر ہوئی ہے۔
پاکستان آمد کے موقع پر کرتار پور کے سی ای او سدھو کا استقبال کرتے ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص اپنا تعارف کرتارپور کے سی ای او کے طور کراتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان اور پاکستان کی عوام کی طرف سے آپ کو خوش آمدید کہتے ہیں،  پھر سدھو کو پھولوں کا ہار بھی پہنایا جاتا ہے۔
اس دوران سدھو وزیراعظم عمران خان کے حوالے سے کہتے ہیں کہ ’وہ میرا بڑا بھائی ہے، اس نے بہت کیا ہے۔
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی کے ترجمان سیمبت پٹرا نے سدھو کی جانب سے پاکستان کے وزیراعظم کو بڑا بھائی قرار دینے مذمت کی ہے۔

بھارتیہ جنتا پارٹی کے ترجمان نے سدھو کی جانب سے پاکستان کے وزیراعظم کو بڑا بھائی قرار دینے مذمت کی ہے۔ (فوٹو: اردو نیوز)

 ان کا کہنا تھا کہ یہ انڈینز کے لیے باعث تشویش ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سدھو کا بیان ہندو توا کے خلاف ایک بڑی سازش کا حصہ ہے جس کا کانگریس کے صدر راہل گاندھی بھی حصہ ہے۔
کانگریس کے لیڈر سلمان خورشید کی حالیہ کتاب میں ہندو توا کے حوالے سے تبصرے کا حوالہ دیتے ہوئے بی جے پی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ کانگریس کو ہندو توا میں دہشت گرد بوکو حرام اور داعش جیسے گروپ نظر آتے ہیں اور سدھو کو عمران خان میں ’بھائی جان‘ مل جاتا ہے۔
بی جے پی ترجمان کے مطابق پنجاب پاکستان کے ساتھ سرحد پر واقع ریاست ہے اور پاکستان وہاں بے چینی پھیلانے کی کوشش کرتا رہتا ہے۔ ’اس لیے پنجاب کو ایک سنجیدہ اور محب الوطن لیڈر شب کی ضرورت ہے۔‘

نکانہ صاحب میں سکھ مذہب کے بانی بابا گرو نانک کے 552 ویں جنم دن کی تقریبات جاری ہیں۔ (فوٹو: اردو نیوز)

’سدھو انڈیا کے لیے اور پنجاب کے لیے مناسب نہیں اور پنجاب ان سے زیادہ بہتر لیڈرشب کا حقدار ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے وزیرخارجہ نے حال ہی میں ہندو توا کو عالمی امن کے لیے خطرہ قرار دیا ہے اور بی جے پی ترجمان کے مطابق پاکستانی وزیر خارجہ نے یہ بات کانگریس کے لیڈر راہل گاندھی سے مستعار لی ہے۔
سابق انڈین کرکٹر گوتم گمبھیر نے نوجوت سنگھ سدھو پر تنقید کرتے ہوئے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’اپنے بیٹے یا بیٹی کو سرحد پر بھیجیں اور پھر ایک دہشتگرد ریاست کے سربراہ کو اپنا بڑا بھائی کہیے۔‘
خیال رہے پاکستان میں میڈیا سے گفتگو میں نوجوت سنگھ سدھو کا کہنا تھا پاکستان اور انڈیا کے درمیان دوریاں ختم کرنے کے لیےاقدامات کرنا ہوں گے۔

بی جے پی ترجمان کے مطابق سدھو کا بیان ہندو توا کے خلاف ایک بڑی سازش کا حصہ ہے (فوٹو: اردو نیوز)

’پاکستان سے بڑی مارکیٹ کہیں نہیں، لاہور اور گورداسپور کےدرمیان تجارت کھلےتو خوشی ہوگی۔‘
نکانہ صاحب میں سکھ مذہب کے بانی بابا گرو نانک کے 552 ویں جنم دن کی تقریبات جاری ہیں۔ دنیا بھر سے آئے سکھ یاتری مذہبی رسومات کی ادائیگی میں مصروف ہیں۔ انڈیا سے بھی ہزاروں یارتری کرتارپور کوریڈور آکر ان تقریبات میں شریک ہیں۔

شیئر: