بلوچستان: شاہرگ میں مسلح افراد کی فائرنگ، تین کان کن ہلاک
اتوار 21 نومبر 2021 10:42
حکام کے مطابق ’مزدروں کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی ہے۔‘ (فوٹو اے ایف پی)
پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں مسلح افراد کی فائرنگ سے کوئلے کی کان میں کام کرنے والے تین مزدور ہلاک ہو گئے ہیں۔
فائرنگ کا یہ واقعہ ہرنائی، شاہرگ کے علاقے میں پیش آیا۔
اتوار کو علاقے کی سکیورٹی پر مامور لیویز کے ذرائع نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’تینوں مزدور امان اللہ تارن کی کوئلہ کان میں کام کر رہے تھے۔‘
مقتول مزدروں کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔ لاشیں ہسپتال منتقل کرنے کے لیے لیویز فورس روانہ کی گئی۔
خیال رہے کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کوئلے کی کانوں میں کام کرنے والے مزدور شرپسندوں کی فائرنگ کا نشانہ بنتے رہے ہیں۔
تین ماہ قبل بھی کوئٹہ کے قریب پہاڑی علاقے میں نامعلوم مسلح افراد نے تین کانکنوں کو فائرنگ کر کے قتل کیا تھا۔
یاد رہے کہ رواں سال جنوری میں مچھ کے علاقے میں 10 کانکنوں کو قتل کیا گیا تھا جس کے بعد مقتولین کے ورثا نے لاشوں کے ہمراہ دھرنا دیا تھا۔