آئی سی سی ٹی20 رینکنگ: بابر اعظم پہلے اور محمد رضوان چوتھے نمبر پر
شاہین شاہ آفریدی ایک درجہ تنزلی کے بعد رینکنگ میں 11 ویں نمبر پر چلے گئے (فوٹو اے ایف پی)
آئی سی سی نے کھلاڑیوں کی نئی ٹی20 رینکنگ جاری کی ہے جس کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم اپنی پہلی پوزیشن پر برقرار ہیں اور محمد رضوان نے ایک درجہ بہتری کے بعد اس رینکنگ میں چوتھی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے بدھ کو جاری ہونے والی رینکنگ کے مطابق انڈیا کے بلے باز لوکیش راہل کی پانچویں پوزیشن ہے جنہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں 80 رنز بنائے، جبکہ محمد رضوان نے بنگلہ دیش کے ساتھ ہونے والی سیریز میں 90 رنز سکور کیے تھے اور وہ چوتھی پوزیشن پر ہیں۔
فخر زمان کا رینکنگ میں 35 واں نمبر ہے جو اس سے قبل 40 تھا۔
کھلاڑیوں کی نئی رینکنگ کے مطابق انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان 805 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ جنوبی افریقہ کے ایڈن مارکرم کی تیسری پوزیشن ہے۔
بولرز کی رینکنگ میں سری لنکا کے ونندو ہسارنگا کا پہلا نمبر ہے، جبکہ دوسرے، تیسرے اور چوتھے نمبر پر بالترتیب تبریز شمسی، ایڈم زمپا اور عادل راشد موجود ہیں۔
پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی ایک درجہ تنزلی کے بعد رینکنگ میں 11 ہویں نمبر پر چلے گئے ہیں، جبکہ شاداب خان بھی دو درجے تنزلی کے بعد 14 ہویں نمبر پر آگئے ہیں۔