دوسرے ٹی20 میچ میں پاکستان کی فتح، سیریز بھی جیت لی
دوسرے ٹی20 میچ میں پاکستان کی فتح، سیریز بھی جیت لی
ہفتہ 20 نومبر 2021 11:09
شاہین شاہ آفریدی نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان نے بنگلہ دیش کو دوسرے ٹی20 انٹرنیشنل میچ میں آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز اپنے نام کر لی ہے۔
سنیچر کو ڈھاکہ میں کھیلے گئے دوسرے ٹی 20 میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 108 رنز سکوربنائے، پاکستان نے مطلوبہ ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر 19ویں اوور میں پورا کر لیا۔
پاکستان کی جانب سے فخر زمان نے 57 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
محمد رضوان نے بھی 39 رنز کی اننگز کھیل کر فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
109 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کے پہلے آؤٹ ہونے والے بلے باز کپتان بابر اعظم تھے جو صرف ایک رن بنا سکے، انہیں مستفیض نے بولڈ کیا۔
پاکستان کی دوسری وکٹ 97 کے مجموعی سکور پر گری جب امین الاسلام نے محمد رضوان کو آؤٹ کیا، انہوں نے 39 رنز بنائے۔
سنیچر کو ڈھاکہ کے شیرِ بنگلہ کرکٹ سٹیڈیم میں بنگلہ دیش کی ٹیم کے کپتان محمود اللہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو زیادہ مفید ثابت نہ ہو سکا اور ابتدا سے ہی بنگلہ دیش کی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار رہی۔
تایم نجم الحسین شانتو نے بنگلہ دیشی اننگز کا سہارا فراہم کیا اور سب سے زیادہ 40 رنز سکور کیے۔ پاکستان کے بولرز شاہین آفریدی اور شاداب خان نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
وسیم جونیئر، حارث رؤف اور محمد نواز کے حصہ میں ایک، ایک وکٹ آئی۔
بنگلہ دیش کے دونوں اوپنرز ابتدائی اوورز میں ہی پویلین لوٹے۔ محمد نعیم کو وسیم جونیئر جبکہ سیف حسن کو شاہین آفریدی نے آؤٹ کیا۔
آؤٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی عفیف حسین اور چوتھے کپتان محمود اللہ تھے۔
محمود اللہ نے 12 رنز بنائے اور عفیف نے 20 رنز سکور کیے۔
بنگلہ دیش نے پہلا میچ کھیلنے والی اپنی ٹیم برقرار رکھی ہے جبکہ پاکستان نے بولر حسن علی کو آرام کا موقع دیا ہے۔ ان کی جگہ ٹیم میں فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی واپسی ہوئی ہے۔
بنگلہ دیش نے پہلا میچ کھیلنے والی اپنی ٹیم برقرار رکھی ہے جبکہ پاکستان نے بولر حسن علی کو آرام کا موقع دیا ہے۔ ان کی جگہ ٹیم میں فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی واپسی ہوئی ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان نے جمعے کو کھیلا گیا پہلا میچ دلچسپ مقابلے کے بعد چار وکٹوں سے جیت لیا تھا جبکہ تیسرا اور آخری میچ پیر کو ڈھاکہ میں ہی کھیلا جائے گا۔