اقاموں، خروج عودہ اور وزٹ ویزے میں 31 جنوری تک مفت توسیع کا اعلان
اتوار 28 نومبر 2021 17:05
غیر ملکیوں کے اقاموں اور ویزوں میں خودکار نظام کے تحت توسیع ہو گی( فائل فوٹو اے ایف پی)
سعودی عرب نے اقاموں، خروج و عودہ اور وزٹ ویزوں کی میعاد میں خودکار نظام کے تحت مفت توسیع کا اعلان کیا ہے۔
بیان کے مطابق ’ایسے ممالک جہاں سے کورونا وبا کے باعث مملکت آمد پر پابندی ہے وہاں موجود مقیم غیر ملکیوں کے اقاموں اور ویزوں میں خودکار نظام کے تحت توسیع ہو گی‘۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق محکمہ پاسپورٹ نے بیان میں کہا ہے کہ’ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر اقاموں، خروج و عودہ ( ایگزٹ ری انٹری ) اور ویزٹ ویزوں میں 31 جنوری 2022 تک توسیع ہو گی‘۔
بیان میں کہا گیا کہ ’یہ توسیع خود کار نظام کے تحت کسی فیس اور مقابل مالی کے بغیر کی جا رہی ہے‘۔
وزیر خزانہ نے سعودی عرب کی قومی پالیسی کے تحت توسیع پر عملدرآمد کے احکام جاری کر دیے ہیں۔ مملکت کووڈ 19 کورونا وبا کے اثرات سے نمٹنے اور مقامی شہریوں نیز مقیم غیر ملکیوں کی صحت و سلامتی کےلیے مقرر حفاظتی تدابیر کے تحت کی جا رہی ہے۔
محکمہ پاسپورٹ نے بتایا کہ ’توسیع کی کارروائی نیشنل انفارمیشن سینٹر کے تعاون سے خودکار نظام کے تحت ہو گی۔ اس کے لیےغیر ملکیوں کو محکمہ پاسپورٹ کے دفاتر اور نہ بیرون مملکت سعودی سفارتخانوں یا قونصلیٹس سے رجوع کرنا ہو گا‘۔
اس سہولت سے وہ غیر ملکی مستثنی ہوں گے جو مملکت سے روانہ ہونے سے قبل ویکسین کی دونوں خوراکیں لے چکے ہوں گے۔