’بہت تکلیف میں ہوں‘، شین وارن موٹرسائیکل حادثے میں زخمی
شین وارن موٹرسائیکل سے گرے اور 15 میٹر آگے تک پھسلتے چلے گئے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
آسٹریلیا کرکٹ کے لیجنڈ سابق لیگ سپنر شین وارن موٹر سائیکل حادثے میں زخمی ہو گئے ہیں۔
آسٹریلین اخبار دا سڈنی مارننگ ہیرالڈ نے نیوز کورپ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ شین وارن اپنے بیٹے جیکسن کے ساتھ موٹرسائیکل پر سوار تھے۔
اخبار کے مطابق شین وارن موٹرسائیکل سے گرے اور 15 میٹر آگے تک پھسلتے چلے گئے۔
سابق لیگ سپنر کو گہری چوٹ نہیں آئی تاہم پیر کی صبح جب وہ جاگے تو اُن کو جسم میں تکلیف کا احساس ہوا۔
آسٹریلوی اخبار کے مطابق جسم میں فریکچر کا معلوم کرنے وہ احتیاطاً ہسپتال بھی گئے تھے۔
شین وارن، جن کی عمر 52 سال ہے، کا کہنا تھا کہ ’میں زخمی ہوں اور بہت تکلیف میں ہوں۔‘
رپورٹ کے مطابق امید کی جا رہی ہے کہ شین وارن جلد صحت یاب ہو کر ایشز کی سیریز کے آغاز سے فوکس سپورٹس کی کمینٹری ٹیم میں شرکت کے لیے موجود ہوں گے۔
واضح رہے آٹھ دسمبر سے گابا یا برسبن کرکٹ گراؤنڈ میں ایشز کی ٹیسٹ سیریز شروع ہو رہی ہے۔