مائیک ہسی تیسرے سابق پلئیر ہیں جنہیں حالیہ دنوں میں بیک روم سٹاف میں شامل کیا گیا ہے۔ فوٹو اے ایف پی
آسٹریلوی ٹیم کے کوچ جسٹن لینگر نے مشہور بیٹسمن مائیک ہسی کو پاکستان اور سری لنکا کے خلاف آئندہ ٹی20 سیریز کے لیے آسٹریلوی ٹیم کا منٹور مقرر کر دیا ہے۔
مائیک ہسی تیسرے سابق آسٹریلوی پلئیر ہیں جنہیں جسٹس لینگر نے حالیہ دنوں میں ٹیم کے ساتھ کام کرنے کے لیے اپنے سٹاف میں شامل کیا ہے۔ اس سے قبل سال کے شروع میں ہونے والے ایک روزہ ورلڈ کپ کے دوران سابق کپتان رکی پونٹنگ کی خدمات حاصل کی گئی تھی جبکہ ایشز سیریز کے دوران سابق کپتان سٹیو واہ ٹیم کے ساتھ منسک ہو گئے تھے۔
’مسٹر کرکٹ‘ کے نام سے مشہور مائیک ہسی نے سڈنی ڈیلی ٹیلی گراف کو بتایا کہ ’میں بہت خوش ہوں، میں دوبارہ آسٹریلوی ٹیم کے ساتھ منسلک ہونے کا انتظار کر رہا ہوں۔‘
’وہ سیریز کے لیے حکمت عملی بنانا چاہ رہے ہیں، ٹیم کے لیے کھیل کا جدید انداز اپنانا چاہتے ہیں اور دیکھنا چاہتے ہیں کہ ان کو کیسے کھلاڑی چاہئیں۔ اس طرح کی چیزیں اور بڑے ایونٹس کے لیے منصوبہ بندی کرنا مجھے بہت پسند ہیں۔‘
ہسی نے کہا کہ آئندہ سال ٹی20 ورلڈ کپ تک ٹیم کے ساتھ رہنے کا آپشن بھی انہوں نے دیا ہے۔ لیکن اس حوالے سے حتمی بات قبل از وقت ہوگی۔
آسٹریلیا سری لنکا اور پا کستان کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ٹی 20 سیریز یکے بعد دیگرے کھیلے گا جس کا آغاز آئندہ اتوار سے ایڈیلیڈ میں ہوگا۔
جسٹن لینگر نے اس سیریز کے لیے سابق تیز بولر ریائن حارث کو بھی بولنگ کوچ مقرر کیا ہے۔
جسٹن لینگر نے اخبار کو بتایا کہ پونٹنگ، واہ اور ہسی کی موجودگی ٹیم کے لیے بہت ہی سود مند ہے۔ ’میں آپ کو بتا سکتا ہوں کہ یہ لوگ ٹیم پر کتنے اثر انداز ہوں گے۔‘
لینگر کے مطابق ’یہ بہت ہی اچھی بات ہے کہ آپ کے پاس اتنے بڑے کھلاڑیوں کی مختلف آوازیں اور مختلف آنکھیں ہوں اور وہ کھلاڑیوں کو دیکھیں اور آپ کو اس کا فیڈ بیک دیں۔‘