وزیراعظم نے کابینہ ارکان کو بیرون ملک دوروں سے کیوں روکا؟
وزیراعظم نے کابینہ ارکان کو بیرون ملک دوروں سے کیوں روکا؟
منگل 30 نومبر 2021 16:27
زبیر علی خان -اردو نیوز، اسلام آباد
وزیراعظم عمران خان نے کابینہ ارکان کو بیرون ملک دوروں سے قبل پیشگی اجازت طلب کرنے کی ہدایت کی ہے (فائل فوٹو: پی ایم آفس)
وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کے ارکان کو ایک بار پھر بیرون ملک دورے کرنے سے روکتے ہوئے پیشگی اجازت طلب کرنے کی ہدایت کی ہے۔
منگل کو وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان نے کابینہ ارکان کو بیرون ملک دوروں سے قبل ان سے پیشگی اجازت طلب کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وفاقی کابینہ کے ایک سینیئر رکن نے اردو نیوز کو بتایا کہ ‘کابینہ اجلاس کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ متعدد وزرا قائمہ کمیٹیوں اور دیگر اہم اجلاسوں سے بیرون ملک دوروں کے باعث غیر حاضر رہتے ہیں جس سے اہم حکومتی امور التوا کا شکار ہو جاتے ہیں۔‘
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے تمام کابینہ ارکان کو ہدایت کی کہ ’جب میں بیرون ملک دورے نہیں کر رہا تو پھر حکومتی ارکان دوروں پر کیوں جاتے ہیں؟
’ہمارے لیے حکومتی امور چلانا اولین ترجیح ہونی چاہیے، وزرا قائمہ کمیٹیوں میں اپنی حاضری یقینی بنائیں جبکہ قائمہ کمیٹی کے دیگر ارکان کو بھی اجلاسوں میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی جائے گی۔‘
واضح رہے کہ مقامی میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے کابینہ ارکان کو بیرون ملک دوروں سے روکتے ہوئے کہا کہ ’آئندہ تین ماہ انتہائی اہم ہیں کوئی بھی وزیر بیرون ملک دورے پر نہ جائے، تاہم وزیراعظم نے وجہ پوچھنے پر کوئی جواب نہیں دیا۔‘
اس حوالے سے وفاقی کابینہ کے ایک اور رکن نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’جس طرح مقامی میڈیا اس خبر کو نشر کر رہا ہے ایسی کوئی بات نہیں ہوئی۔‘
وفاقی کابینہ کے ایک رکن کے مطابق ’جس طرح مقامی میڈیا اس خبر کو نشر کر رہا ہے ایسی کوئی بات نہیں ہوئی‘ (فائل فوٹو: پی ایم آفس)
’وزیراعظم نے پہلے دن سے یہ ہدایت کر رکھی ہے کہ میری اجازت کے بغیر کوئی وزیر بیرون ملک دورہ نہیں کرے گا اور وزیراعظم نے متعدد بار وزرا کو غیر اہم دوروں پر جانے سے روکا بھی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اسی تناظر میں آج دوبارہ یہ بات دہرائی ہے۔
وفاقی کابینہ کے دونوں ارکان سے جب منی بجٹ لانے کے حوالے سے استفسار کیا تو انہوں نے کہا کہ ’کابینہ اجلاس میں منی بجٹ لانے کے حوالے سے کوئی بات نہیں۔‘