Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’الیکشن کمیشن ای وی ایم پر انتخابات نہیں کرا سکتا تو فنڈز بھی نہیں ملیں گے‘

وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ آئندہ ضمنی انتخابات ای وی ایم پر ہوں گے (فائل فوٹو: وزارت سائنس اور ٹیکنالوجی ٹوئٹر)
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ہم سمجھتے ہیں کہ آئندہ تمام ضمنی الیکشنز الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کے ذریعے کرانا لازمی ہیں۔ اگر الیکشن ای وی ایم کے ذریعے نہیں ہوتے تو ایک نقطہ نظر یہ ہے کہ حکومت اس کو فنڈ نہیں کرسکے گی کیونکہ قانون صرف ای وی ایم کے ذریعے انتخابات کو مانتا ہے۔‘
منگل کو اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیر قانون کا بھی خیال ہے کہ بادی النظر میں جو حکومت ہے وہ الیکشن کمیشن کو تب ہی فنڈز دے سکے گی جب الیکشنز ای وی ایم کے ذریعے ہوں گے۔
’ہم نے ایک کمیٹی بنائی ہے، وزارت قانون اس پر اپنی قانونی رائے دے گی۔ ہم صرف ان ہی انتخابات کو فنڈ کر سکیں گے جو ای وی ایم کے تحت ہوں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اس لیے ہم چاہتے ہیں کہ الیکشن کمیشن اس پر بھرپور طریقے سے کام کرے۔ پارلیمان نے چونکہ یہ لازم کیا ہے کہ الیکشن الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر ہوں گے لہٰذا اس کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر منتقل کیا جائے۔‘ فواد چوہدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے مضبوط ہونے کے ساتھ اس کا موثر ہونا بھی ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’لاہور میں ووٹ خریدنے سے متعلق ویڈیوز سامنے آنے پر فواد چوہدری نہیں کہا کہ کابینہ نے اس پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔‘
’ہم سمجھتے ہیں کہ جس طرح سینیٹ کی انتخابات میں خریداریاں ہوئیں اگر اس وقت اس پر تیزی سے عمل کیا جاتا تو لاہور کے ضمنی انتخاب میں یہ صورت حال نظر نہ آتی۔‘
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ’کسی بھی جمہوری ملک میں حکومت سازی کے لیے جہاں انتخابات بنیاد ہوتے ہیں تو وہاں بہت اہم ہے کہ الیکشن کا نظام بھی شفاف ہو۔‘

فواد چوہدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے مضبوط ہونے کے ساتھ اس کا موثر ہونا بھی ضروری ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

وزیر اطلاعات نے کہا کہ رانا شمیم نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں بیان دیا ہے کہ مشتہر بیان حلفی ان کا نہیں ہے بلکہ وہ لاک ہے۔
سوال پیدا ہوتا ہے کہ ان کا بیان حلفی اخبار تک کیسے پہنچا اور اخبار نے کیسے چھاپا۔ ایسے لگ رہا ہے کہ یہ بیان حلفی نواز شریف کے ذریعے اس اخبار تک پہنچا اور اخبار نے نواز شریف کے بیان پر اسے شائع کر دیا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ نے جس طریقے سے عدلیہ اور فوج کے خلاف مہم سپانسر کی جس کچھ میڈیا کے لوگ بھی شامل ہیں، امید ہے عدالت اس کا بھرپور نوٹس لے گی اور اسے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
ملک میں گیس کے مسئلے کے بارے میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ نے سردیوں کے لیے گیس لوڈ مینجمنٹ پلان منظور کیا ہے۔
فواد چوہدری کے مطابق کہ ہم اپنے گیس کے ذخائر کو زیادہ تر استعمال کر چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان میں صرف 28 فیصد لوگوں کو گیس میسر ہے جبکہ 78 فیصد لوگوں گیس میسر نہیں۔

فواد چوہدری کے مطابق ’پورے پاکستان میں صرف 28 فیصد لوگوں کو گیس میسر ہے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

انہوں نے کہا کہ افغانستان پر او آئی سی ممالک کے وزرائے خارجہ کا خصوصی اجلاس پاکستان میں ہوگا۔
فواد چوہدری کے مطابق کہ گذشتہ تین سالوں میں ساڑھے سولہ لاکھ لوگ مختلف ویزوں پر ملک سے باہر گئے۔
انہوں نے کہا کہ اوورسیز پروموٹرز کو لائسنسز دیے گئے ہیں لیکن ویراعظم نے ہدایت کی ہے کہ ایف آئی اے انسانی سمگلنگ کے حوالے سے ایک جامع پروگرام لانچ کرے اور انسانی سمگلنگ میں ملوث افراد کو کو پکڑیں۔ 

شیئر: