سپین میں آتشزدگی، پاکستانی اہلیہ اور دو بچوں سمیت ہلاک
سپین میں آتشزدگی، پاکستانی اہلیہ اور دو بچوں سمیت ہلاک
بدھ 1 دسمبر 2021 18:19
مقامی اخبار لا وینگارڈیا کے مطابق اس مرد کا تعلق پاکستان جبکہ اس کی بیوی رومانیہ سے تھی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
سپین کے شہر بارسلونا میں ایک پاکستانی نژاد شخص بیوی اور اپنے دو بچوں سمیت اس وقت ہلاک ہوگیا جب ایک بینک کی متروک عمارت میں آگ بھڑک اٹھی۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق منگل کو پیش آنے والے اس واقعے میں ہلاک ہونے والوں میں ایک چار ماہ کا بچہ اور اس کا تین سالہ بھائی شامل تھا۔
بارسلونا کے چیف فائر فائٹر اینجل لوپیز نے بتایا کہ خطرے کا الارم صبح چھ بجے کے قریب ایک عینی شاہد نے بجایا جس نے مرکزی پلازے ڈی ٹیٹوان میں ایک بینک کی متروک عمارت میں آگ دیکھی۔
انہوں نے بتایا کہ ’جب وہ آگ بجھانے کی کوشش کر رہے تھے تب ہی انہیں احساس ہوا کہ اندر چار لوگ موجود ہیں دو بالغ، ایک بچہ اور ایک تین سالہ لڑکا۔‘
’ایمرجنسی سروسز نے انہیں بچانے کی کوشش کی لیکن وہ انہیں بچا نہیں سکے۔‘
بارسلونا سٹی ہال نے بتایا کہ یہ 40 سالہ مرد اور اس کی 39 سالہ بیوی سکریپ میٹل اکٹھا کرتے تھے۔
مقامی اخبار لا وینگارڈیا کے مطابق اس مرد کا تعلق پاکستان جبکہ اس کی بیوی کا تعلق رومانیہ سے تھا۔
بارسلونا کے میئر ایڈا کولاؤ نے جائے وقوعہ پر صحافیوں کو بتایا کہ ’چار لوگوں کی موت کی ہولناکی کو بیان کرنے کے لیے الفاظ نہیں ہیں، جن میں سے دو بہت چھوٹے بچے تھے، یہ وہ چیز ہے جو کبھی نہیں ہونی چاہیے تھی۔ یہ خوفناک خبر ہے۔‘
ہلاک ہونے والے جوڑے کے پڑوسی جو احاطے کے اوپر ایک فلیٹ میں رہتے تھے جنہیں آگ میں کوئی نقصان نہیں پہنچا، انہوں نے کہا کہ انہوں نے اس خاندان کو مدد کے لیے پکارتے ہوئے سنا۔
وہاں کے رہائشی میکول گوئمیرا نے کہا کہ ’میری بیوی کو کچھ جلنے کی بو آ رہی تھی، ہم اٹھے اور کچھ بھی نہیں دیکھا لیکن جب ہم واشنگ مشین رکھنے والی جگہ پر گئے تو وہاں دھواں بہت زیادہ تھا۔‘
’نیچے سکواٹ میں وہ مدد کے لیے چیخ رہے تھے کیونکہ وہ اندر بند تھے۔ یہ کافی تکلیف دہ تھا۔‘
انہوں نے کہا کہ یہ اس بات کا اشارہ ہے کہ خاندان دو یا تین برسوں سے سکواٹ میں رہ رہا تھا۔‘
چیف فائر فائٹر اینجل لوپیز نے کہا کہ چار آدمی جو آگ کے شعلوں سے بچنے کے لیے ایک صحن میں بھاگے تھے انہیں بچا لیا گیا اور ہسپتال لے جایا گیا۔
علاقائی پولیس نے اس آگ کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
علاقائی وزیر داخلہ جوان اگناسی ایلینا نے صحافیوں کو بتایا کہ آگ لگنے سے چند گھنٹے قبل جھگڑے کی وجہ سے پولیس کو عمارت میں بلایا گیا تھا لیکن فوری طور پر اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ملا کہ یہ آگ لگنے سے متعلق تھا۔
واضح رہے کہ بارسلونا میں مکانات کی قیمتیں بہت زیادہ ہونے کی وجہ سے اس وقت تقریباً 481 لوگ شہر کے اردگرد 105 سکواٹس میں رہ رہے ہیں جن میں سے 156 نابالغ ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس کے علاوہ بھی 384 افراد غیر رسمی کیمپوں میں رہتے ہیں۔